بھارت میں کرونا وائرس کی نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اب تک کئی معروف شخصیات وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں جس میں حالیہ اضافہ بالی وڈ اسٹار اکشے کمار کا ہے۔
بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے ایک ٹوئٹ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ترپن سالہ اداکار نے اتوار کی صبح کی گئی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ان کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وائرس کی تصدیق کے بعد اُنہوں نے خود کو الگ کر لیا ہے اور وہ اپنی ضروری دیکھ بھال کر رہے ہیں۔
بالی وڈ اسٹار نے ان تمام افراد سے کرونا ٹیسٹ کرانے کی درخواست بھی کی جو ان سے رابطے میں تھے۔
اکشے کمار کا شمار بھارت کے صفِ اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ ایکشن، کامیڈی، رومانس سمیت مختلف موضوعات پر بننے والی درجنوں فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
بالی وڈ اسٹار سے قبل ہفتے کو بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل اسپنر اکسر پٹیل نے بھی بتایا تھا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ایک ہفتے قبل سابقہ بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں 24 گھنٹوں میں 93 ہزار سے زائد کیسز اور پانچ سو سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
بھارت میں اتوار کو چھ ماہ بعد کرونا کے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد سامنے آئی ہے۔ امریکہ اور برازیل کے بعد بھارت کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
حالیہ ہفتوں میں بھارتی ریاست مہاراشٹر بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس ریاست میں بھارت کا تجارتی مرکز ممبئی بھی واقع ہے۔