رسائی کے لنکس

بالی وڈ پاکستانی آرٹسٹوں سے متعلق ہچکچاہٹ کا شکار


یوں تو پاکستان کے بہت سے ایکٹر اور سنگر بالی وڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، بلکہ ان کی مقبولیت اور شہرت بھارتی فنکاروں سے کچھ کم نہیں، لیکن مخصوص حالات کی وجہ سے پاکستانی فنکار کھلے عام پذیرائی سے اب بھی محروم ہیں: تجزیہ کار

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی مزید بہتری کی امیدیں بہت سے لوگوں کو ہیں۔ لیکن، ایک بھارتی اخبار کے مطابق بالی وڈ فلم میکرز اب بھی پاکستانی ٹیلنٹ کو چانس دینے سے پہلے کافی سوچ بچار کرتے ہیں، یا یوں کہئیے کہ وہ انجانی ہچکچاہٹ کا شکار رہتے ہیں۔

اخبار کے مطابق یوں تو پاکستان کے بہت سے ایکٹر اور سنگر بالی وڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، بلکہ ان کی مقبولیت اور شہرت بھارتی فنکاروں سے کچھ کم نہیں، لیکن مخصوص حالات کی وجہ سے پاکستانی فنکار کھلے عام پذیرائی سے اب بھی محروم ہیں۔

’مڈ ڈے‘ نے موہت سوری کی فلم ’ایک ولن‘ کے لائیو میوزک کنسرٹ کا احوال بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ ممبئی میں ہونے والے میوزک کنسرٹ میں سب موجود تھے سوائے فلم کے لئے گانا گانے والے پاکستانی سنگر مصطفی زاہد اور بینڈ ’سوچ‘ کے۔

ممبئی میں ہی فلم لانچنگ کے موقع پر بھارتی میوزیشنز متھن، محمد عرفان اور ارجیت سنگھ نے لائیو پرفارم کیا۔ لیکن، اس تقریب میں بھی پاکستانی بینڈ ’سوچ‘ کے زاہد، عدنان اور رابی احمد کو مدعو نہیں کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے راک آرٹسٹ زاہد بالی وڈ کی متعدد ہٹ فلموں مثلاً” عاشقی 2“،”مرڈر3“اور” راگنی ایم ایم ایس2“کے لئے گانے گا چکے ہیں۔

بالی وڈ کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ احتیاط کے طور پر پاکستانی آرٹسٹوں کے کنسرٹ ممبئی سے باہر رکھے گئے ہیں، کیونکہ پروڈکشن کمپنی غیر ضروری طور پر سیاسی کارکنوں کی جانب سے پیدا کردہ کسی مشکل میں نہیں پڑنا چاہتی۔

مہاراشٹر میں کچھ سیاسی تنظیموں کے ردعمل کے خوف سے بالی وڈ میگا اسٹار انیل کپور کی پروڈکشن کمپنی نے اب تک باقاعدہ طور پریہ اعلان نہیں کیا ہے کہ پاکستان کے سپر اسٹار ایکٹر فواد خان ان کی آنے والی فلم ’خوبصورت‘ میں رول ادا کررہے ہیں۔فلم کی تمام تر شوٹنگ راجستھان میں کی گئی ہے۔

بھارت میں پاکستانی ٹیلنٹ کو متعارف کرانے والے اور پاکستانی آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کرنے والے فلم میکر مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کو چاہئے کہ اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔

مہیش بھٹ نے امید ظاہر کی کہ وہ فلم اسٹار جو اسمبلی کے ارکان بن چکے ہیں اس مسئلے کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ماضی میں بھی ایسا ہوا
رواں سال کے شروع میں پاکستانی بینڈ میکال حسن پر اس وقت شیوسینا کے ورکرز نے حملے کیا جب وہ ممبئی پریس کلب میں اپنے نئے البم کے بارے میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔

یہ بھی زیادہ پرانی بات نہیں کہ پوپ راک بینڈ ’جل‘ کے البم کی لانچ ممبئی میں عین وقت پر منسوخ کردی گئی۔ بینڈ کے لیڈ سنگر گوہر ممتاز کا کہنا تھا کہ لانچ کی منسوخی کی وجہ ان کی پاکستانی شہریت ہوسکتی ہے۔

امید کی کرن اب بھی۔۔
میوزک گرو راحت فتح علی خان کے مطابق انہیں یقین ہے کہ نئی بھارتی قیادت پاک بھارت تعلقات کے نئے باب کا آغاز کرے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ بھارت جانے کے منتظر ہیں جو ان کے لئے دوسرے گھر جیسا ہے۔

مظفر علی کی فلم ’رقص‘ کی شوٹنگ میں مصروف پاکستانی ایکٹر عمران عباس پاکستانی آرٹسٹوں کے ساتھ رکھے جانے والے رویے سے بالکل پریشان نہیں۔ عمران کہتے ہیں کہ انہیں یقین ہے کہ موجودہ بھارتی حکومت ملک کے حالات کو بہتر کرنے کے بارے میں سنجیدہ دکھائی دیتی ہے۔انہوں نے اس بات کا احساس کر لیا ہے کہ پڑوسی ملکوں سے تعلقات مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

پاکستانی فلم ڈسٹری بیوٹر، رحمت فضلی نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی بھارتی حکومت پاک بھارت تعلقات میں ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگی اور آئندہ پانچ سالوں میں ترقی ہوگی۔ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے لیکن بھارتی سپورٹ جس میں سوفٹ وئیر اور ہارڈ وئیر شامل ہے، پاکستان کا مکمل کامیابی حاصل کرنا خاصا مشکل کام ہے۔

پاکستانی فلم میکر سیوی علی کہتے ہیں کہ بالی وڈ فلم میکرز پاکستانی آرٹسٹوں کو پروموٹ کرنے میں خوف محسوس کرتے ہیں کہ کہیں انہیں شیوسینا اور ایسی دوسری جماعتوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے کا سلسلہ شروع نہ ہوجائے۔بالی وڈ کو یہ بات ماننی چاہئیے کہ پاکستانی آرٹسٹ بھارت میں قانونی طریقے سے کام کرتے ہیں جس میں بھارتی حکومت کی مرضی بھی شامل ہوتی ہے جو انہیں ویزا جاری کرتی ہے۔
XS
SM
MD
LG