رسائی کے لنکس

‘ ایک تھا ٹائیگر‘ کی ریلیز کے بعد سلمان خان کی چاندی ہوجائے گی


فلمی پنڈتوں نے جب سے سلمان خان کی آنے والی فلم ”ایک تھا ٹائیگر“کا ٹریلر دیکھا ہے ، انہیں اس بات پر یقین ہوچلا ہے کہ پچھلے تین برسوں کی طرح اس سال بھی عید کے موقع پر سلمان خان کی’ پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑھائی‘ میں ہوگا۔

دوسری جانب سلما ن خان کی شہرت ، رعب اور دبدبہ دیکھئے کہ ان کی آنے والی فلم ”ایک تھا ٹائیگر“ کی ریلیز کے لئے سن 1975کی بلاک بسٹر فلم ”شعلے “کے تھری ڈی ورژن کی نمائش ٹال دی گئی ۔ ”ایک تھا ٹائیگر“ ایکشن مووی ہے اور اس کے بارے میں فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ سال کی سب سے بڑی فلم ہوگی، اس لئے اس کی ریلیز کی تاریخ بہت سوچ سمجھ کررکھی گئی ہے۔

اپنے وقت کی سپر ہٹ فلم ”شعلے “ بھی ایکشن مووی ہے جس کا سپرہٹ ورژن 13اگست کو ریلیز ہونا تھا تاہم” ایک تھا ٹائیگر“ اور” شعلے“ کے درمیان کسی قسم کا کلیش نہ ہوجائے ، اس خدشے کے تحت ”شعلے“ اب ستمبر میں ریلیز ہو گی۔

”ایک تھا ٹائیگر“ بہت مہنگی فلم ہے ۔ اس پر ایک ارب 17کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ اتنی بھاری رقم کا خیال کرتے ہوئے دوسرے فلم میکرز”۔۔۔ٹائیگر “کے مقابلے میں اپنی فلم ریلیز کرنے کا رسک لینا ہی نہیں چاہتے لہٰذا” شعلے“ کے ساتھ ساتھ دوسری کئی فلموں کی نمائش بھی آگے بڑھادی گئی ہے۔

دوسری اہم وجہ فلم ٹریڈرز کا ایک یقین بھی ہے ۔وہ کہتے ہیں کہ رواں سال اگست کے دوسرے ہفتے میں ہی عید ہوگی اور پچھلے تین برسوں کا ریکارڈ دیکھیں تو عیدسلمان خان کے لئے ہر بار خوش قسمت ثابت ہوئی ہے۔ 2009ء میں عید کے موقع پرسلمان خان کی فلم ”وانٹیڈ“ریلیز ہوئی جو باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی۔

سال 2010ء میں عید ہی کے موقع پر ”دبنگ“ ریلیز ہوئی جو اس سال کی سب سے کامیاب فلم قرار پائی ۔

سال 2011ء کی عید سلمان خان کے لئے ایک اور کامیابی کا پیغام لائی جب ان کی فلم ”باڈی گارڈ“ ریلیز ہوئی ۔ اس فلم نے سال 2011ء کی بلاک بسٹر فلم کا ریکارڈ قائم کیا۔

اب سال 2012ء کی عید پر سلمان خان کتریناکیف اور یش راج بینر کے تلے نئی فلم لارہے ہیں تو کہیں ایسا نہ ہو کہ باقی فلمیں ”ایک تھا ٹائیگر“کے آگے ’ٹائیں ٹائیں فش ‘ ہوجائیں لہذا جس ہفتے ”عید“ اور ”ایک تھا ٹائیگر“ریلیز ہوگی، دوسری کوئی فلم اس کے مقابلے پر نہیں ہوگی۔

XS
SM
MD
LG