بالی وڈ کے مشہور ڈائریکٹر اور پروڈیوسر مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ فلم بنانے والوں کو اپنی فلموں کی شوٹنگ کراچی، لاہور اور مری میں کرنا چاہئے۔
’پاکستان انڈیا پیپلز فورم فور پیس اینڈ ڈیموکریسی‘ کی جانب سے منعقد کئے گئے سیمینار سے بذریعہ اسکائپ خطاب کرتے ہوئے مہیش بھٹ نے کہا کہ ’کراچی، لاہور، مری اور بھارتی شہروں میں بہت مماثلت پائی جاتی ہے۔یہ بات قابل افسوس ہے کہ بھارتی فلم بنانے والےکراچی اور دیگر شہروں کی خوبصورت لوکیشنز کو اپنی فلموں میں استعمال نہیں کرتے۔ انہیں ان شہروں کو اپنی فلموں کا حصہ بنانا چاہئے۔‘
’ٹری بیون‘ کی رپورٹ میں مہیش بھٹ کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ ’بالی وڈ فلمیں سرحد کے دونوں جانب یکساں مقبول ہیں اور پسند کی جاتی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کی دلچسپیاں مشترکہ ہیں۔بس ضرورت ہے تو اس بات کی کہ فلموں کے ذریعے پیار اور محبت کے پیغام کو پھیلایا اور آگے بڑھایا جائے۔‘
مہیش بھٹ کا یہ بھی کہنا تھا ہے کہ ’ماضی کے مقابلے میں ثقافتی رابطوں کو فروغ دینے کے لئے آج ماحول زیادہ سازگار ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بالی وڈ کی بعض فلموں میں بھی نفرت کا پیغام دیا جاتا ہے لیکن باکس آفس پر ایسی فلموں کو عوام مسترد کر دیتے ہیں۔بھارتی سنسر بورڈ بھی ایسی فلموں کو سرٹیفیکیٹ جاری نہیں کرتا۔ جب نفرت بکے گی نہیں تو اپنی موت آپ مرجائے گی۔‘