رسائی کے لنکس

عامر خان کی ’شہرت کا خوف‘، نصف درجن فلموں کی ریلیز میں رد و بدل


دوسرے فلم پروڈیوسرز ’پی کے‘ کی ریلیز ۔۔اور اس کی قبل از وقت ہی تابڑ توڑ کامیابی کی توقع رکھتے ہوئے، اپنی اپنی فلموں کی ریلیز 19 دسمبر کو کرنے کے بجائے اس خوف سے ’آگے پیچھے‘ کر رہے ہیں کہ ...

جس طرح بالی ووڈ کے ’سلو بھائی‘، یعنی کہ سلمان خان کو یہ یقین ہے کہ عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی ان کی ہر فلم ہٹ، سپر ہٹ اور میگا ہٹ ہوتی ہے، اس طرح عامر خان کے بارے میں یہ بات خیال کی جاتی ہے کہ ان کی فلم جب بھی دسمبر میں ریلیز ہوتی ہے سپر، ڈوپر ہٹ ضرور ہوتی ہے۔

پچھلی بار وہ ’دھوم تھری‘ لیکر آئے تھے اور سبھی جانتے ہیں کہ اس فلم نے کامیابی کے کتنے سارے ریکارڈ جیتے۔۔اور کہاں کہاں کس، کس کو پیچھے چھوڑا ۔۔۔عامر خان اب آ رہے ہیں اپنی نئی فلم ۔۔’پی کے‘ کے ساتھ۔ ۔۔19دسمبر کو۔

اس فلم کے چرچے ۔۔جو ہیں ۔۔سو ہیں۔۔ایک عجیب بات یہ بھی ہے کہ دوسرے فلم پروڈیوسرز ’پی کے‘ کی ریلیز ۔۔اور اس کی قبل از وقت ہی تابڑ توڑ کامیابی کی توقع رکھتے ہوئے اپنی اپنی فلموں کی ریلیز 19دسمبر کو کرنے کے بجائے اس خوف سے ’آگے پیچھے‘ کر رہے ہیں کہ کہیں ان کی فلم باکس آفس پر ’پی کے‘ کے ہاتھوں ’صفر‘ پر ہی ’کلین بولڈ‘ نہ ہو جائے۔

فلمی دنیا کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’گلیم شیم‘ کے مطابق، عامر خان کی صرف ایک فلم کی بدولت پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق دسمبر میں ریلیز ہونے والی کم از کم نصف درجن فلمیں ری شیڈول کردی گئی ہیں۔

نئے شیڈول کے مطابق مہینے کے پہلے جمعہ یعنی 5دسمبرکوچار فلمیں ’ایکشن جیکسن‘، ’آل از ویل‘، ’تیور‘ اور ’انگلی‘ باکس آفس پر قسمت آزمائیں گی۔

سب سے پہلے ’ٹی سیریز‘ نے ابھیشیک بچن اور آسن کی فلم ’آل ازویل‘ دسمبر کی پانچ تاریخ کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد دھرما پروڈکشنز نے عمران ہاشمی اور کنگنا رانوٹ کی فلم ’انگلی‘ اور ایروز انٹرنیشنل نے اجے دیوگن اور سوناکشی سنہا کی کاسٹ پر مشتمل فلم ’ایکشن جیکسن‘ بھی پانچ دسمبر کو ہی سینما گھروں کی زینت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

اس کے برعکس سنجے کپورکی فلم ’تیور‘ جس میں ارجن کپوراورسوناکشی سنہا نے مرکزی کردار نبھائے ہیں 9جنوری کو ریلیز ہونا تھی لیکن اب اس کی ریلیز ڈیٹ بھی5دسمبرکردی گئی ہے۔

بالی وڈ کے نواب سیف علی خان اور الینا ڈی کروز کی فلم کو ری شیڈول کر کے وقت سے پہلے ریلیز کیا جا رہا ہے۔’ہیپی اینڈنگ‘ کو شیڈول کے مطابق پانچ دسمبر کو ریلیز ہونا تھا، جو اب 21نومبر کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

ایسا لگتا ہے کہ گویا بالی وڈ فلم میکرز عامرخان کی ’پی کے‘ کا مقابلہ کرنے سے گھبرا رہے ہیں اسی لئے اپنی فلمیں 19دسمبر سے پہلے ریلیز کر رہے ہیں جو ’پی کے‘ کی ریلیز کی ڈیٹ ہے۔

XS
SM
MD
LG