رسائی کے لنکس

پشاور کا بالی ووڈ سے پرانا رشتہ


پشاور پرتھوی راج کپور اور دلیپ کمار سے لیکر شاہ رخ خان تک۔۔ ایک درجن یا اس سے کچھ زائد فنکاروں کا آبائی شہر رہا ہے۔ ان فنکاروں کی جڑیں اسی سر زمین سے نکلی اور دنیا بھر میں پھیلی ہیں

صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر پشاور سے ممبئی کی بالی ووڈ فلم انڈسٹری کا رشتہ بہت پرانا اور گہرا ہے۔ پرتھوی راج کپور اور دلیپ کمار سے لیکر شاہ رخ خان تک۔۔ ایک درجن یا اس سے کچھ زائد فنکاروں کا یہ آبائی شہر رہا ہے۔ ان فنکاروں کی جڑیں اسی سر زمین سے نکلی اور دنیا بھر تک پھیلی ہیں۔

دلیپ کمار: شاہ رخ خان

راج کپور کی طرح ہی بالی ووڈ لیجنڈ دلیپ کمار نے بھی پشاور میں ہی آنکھ کھولی اور ابتدائی مدت یہیں بسر کی۔ فلمی مورخ ایس ایم ایم اوساجہ کے حوالے سے ’ہنس انڈیا ڈاٹ کام‘ کا کہنا ہے کہ ’شاہ رخ خان کے والد کا تعلق بھی پشاور سے تھا۔ وہ وہیں پیدا ہوئے اور وہیں پرورش پائی۔ قصہ خوانی بازار میں ان کا کاروبار تھا۔‘

کچھ عرصہ پہلے شاہ رخ خان نے پشاور سے جڑی بچپن کی یادوں کو ایک تحریر کے ذریعے تازہ کیا تھا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ پشاور سے ان کا رشتہ بہت پرانا اور گہر اہے۔ اس رشتے کو تازہ کرنے وہ ایک نہ ایک دن اپنے بچوں کے ساتھ پشاور ضرور جائیں گے۔ وہ بچوں کو بھی اپنے والدین کا آبائی علاقہ دکھانا چاہتے ہیں۔

ایک کانفرنس میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے جب شاہ رخ کو پاکستان آنے کی دعوت دی تو جواب میں ان کا کہنا تھا ’میرا بھی بہت دل چاہتا ہے۔ میرے کچھ رشتے دار اب بھی پشاور میں ہی مقیم ہیں۔ میں کوئی 15 سال کا تھا جب میرے والد مجھے پشاور، کراچی اور لاہور لیکر گئے تھے۔ اس سفر کی بہت سی میٹھی یادیں میرے ذہن میں زندہ ہیں۔ میں اپنے بچوں کو بھی پشاور دکھانا چاہتا ہوں اس لئے ایک بار ضرور پشاور آوٴں گا۔‘

مدھوبالا: امجد خان
انیل کپور کے والد سریندر کپور، انڈین فلموں کی زہرہ جبیں مدھوبالا اور بالی ووڈ کے گبرسنگھ یعنی امجد خان کا تعلق بھی پشاور سے ہی تھا۔

دیگر پانچ پاکستانی شہر بھی بالی ووڈ اسٹار کا مسکن
پشاور کے علاوہ پاکستان کے پانچ دیگر شہر یعنی لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی اور کراچی بھی ماضی میں بالی ووڈ فنکاروں کا پرانا مسکن رہے ہیں۔

دیو آنند گرداس پور کے جس حصے میں پید ا ہوئے تھے وہ اب پاکستان میں واقع ہے۔ دیوآنند نے لاہور یونیورسٹی سے ہی تعلیم حاصل کی جبکہ راجیش کھنہ کے والدین کا تعلق بورے والا سے تھا جو ملتان ضلع میں واقع ہے۔

امیتابھ بچن کی والدہ تیجی کا بچپن بھی لائل پور میں گزرا تھا جو اب فیصل آباد کہلاتا ہے۔ تیجی بچن امتیابھ کے والد ڈاکٹر ہری ونش رائے بچن کے ساتھ شادی سے پہلے تک لاہور میں رہتی تھیں۔

بالی ووڈ کے نامور ولن ’پران‘ نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز لاہور فلم انڈسٹری سے کیا تھا، جبکہ تقسیم اور ممبئی آنے سے پہلے وہ لاہور میں ہی مقیم تھے۔

امیت کھنہ لیجنڈری اداکار دیوآنند کے بہت قریبی لوگوں میں سے ہیں ان کا کہنا ہے کہ دیوآنند کے بڑے بھائی چیتن آنند نے بھی گورنمنٹ کالج لاہور سے ہی تعلیم حاصل کی تھی، جبکہ بل راج ساہنی کا تعلق بھی راولپنڈی سے ہی تھا۔

بی آر چوپڑہ بھی گورنمنٹ کالج لاہور سے فارغ التحصیل تھے۔

XS
SM
MD
LG