سیہل انجم
ریاست بہار کے پٹنہ میں ایک دردناک حادثے میں اس وقت 23 افراد دریائے گنگا میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے جب انہیں لے جا نے والی ایک کشتی غرقاب ہو گئی۔
کشتی پر چالیس افراد سوار تھے۔
یہ حادثہ ہفتے کی شام کو 6 بجے پیش آیا۔ اس وقت اندھیرا شروع ہو چکا تھا۔
وزیر اعلی نتیش کمار نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
کشتی دریا کے بیچ میں واقع ایک جزیرے پر ہندووں کے تہوار مکر سنکرانتی کے موقع پر منعقد ہونے والے ایک پتنگ فیسٹیول کے بعد لوگوں کو لے کر واپس آرہی تھی۔
بہت سے مسافر تیر کر ساحل پر آگئے۔ جبکہ کم از کم 6 افراد لاپتا ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق این ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتی چھوٹی تھی اور اس پر گنجائش سے زیادہ لوگ سوار تھے جس کی وجہ سے وہ ڈوب گئی۔
کشتی کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ ساحل کے قریب پہنچنے والی تھی ۔
غوطہ خور لوگوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس جگہ یہ حادثہ ہوا اسے گنگا دِیارہ کہتے ہیں اور وہیں تین روزہ تہوار کا انعقاد کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کو ہلاک شدگان کے اہل خانہ کی امداد کرنے کی ہدایت دی ہے۔