رسائی کے لنکس

بلنکن میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے یورپ کے چھ روزہ دورے پر روانہ


 فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کو بتایا کہ بلنکن جرمنی، ترکی اور یونان میں تقریباً ایک ہفتے کی ملاقاتوں کے لیے جمعرات کو واشنگٹن سے روانہ ہوں گے۔

وزیر خارجہ انٹنی بلنکن جرمنی ، ترکی اور یونان کے اپنے چھ روزہ دورے کا آغاز میونخ سیکیورٹی کانفرنس سے کریں گے، جہاں وہ بائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی کے لیے نائب صدر کاملا ہیرس کے ساتھ شامل ہوں گے۔

اس بارے میں بہت زیادہ قیاس آرائیاں ہیں کہ بلنکن اس موقعے پر چینی خارجہ پالیسی کے اعلیٰ عہدیدار وانگ یی سے ملاقات کر سکتے ہیں جو میونخ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

ابھی تک ایسی کوئی ملاقات طے نہیں ہے لیکن اگر کوئی ملاقات ہوئی تو یہ گزشتہ ہفتے چین کے مشتبہ جاسوس غبارے پر بلنکن کےچین کا دورہ ملتوی کیے جانے کے بعد سے چین کے ساتھ پہلی اعلیٰ سطح کی گفتگو ہوگی ۔

میونخ کانفرنس میں متعدد دوسرے اعلیٰ غیر ملکی حکام موجود ہوں گے اور چینی نگرانی کی سرگرمیوں پر بڑھتے ہوئے خدشات کے علاوہ، روس کی جانب سے موسم بہار کے متوقع حملے سے قبل یوکرین کی صورت حال متوقع طور پر ایک اہم تشویش ہو گی ۔

یہ کانفرنس یوکرین پر روس کے حملے کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہی ہے اور گزشتہ سال کے بار بار کے بیانات میں امریکہ اور اس کے نیٹو اتحادیوں کے یہ انتباہ غالب رہے ہیں کہ جنگ قریب آ رہی ہے۔

میونخ سے، بلنکن ترکیہ جائیں گے، جہاں وہ گزشتہ ہفتے کے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کے لیے امداد اور بحالی کے کاموں کو دیکھنے کے لیے پہلے انسرلک ایئر بیس پر رکیں گے جس کے بعد وہ ترک صدر رجب طیب ایردوان اور دوسرے سینئر حکام سے متوقع بات چیت کے لیے انقرہ جائیں گے۔

انقرہ میں ان کی ایک ترجیح فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت پر ترکی کے اعتراضات ختم کرنے کی کوشش ہوگی ۔ ایردوان نے شکایت کی ہے کہ فن لینڈ اور خاص طور پر سویڈن، ان گروپس کے لیے بہت نرم ہیں جنہیں وہ دہشت گرد تنظیمیں یا اپنے وجود کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں جن میں کرد گروپس شامل ہیں۔

نئے اراکین کو قبول کرنے کے لیے اتحاد کے درمیان اتفاق رائے کی ضرورت ہے اور ترکی کے علاوہ موجودہ تمام 30 اتحادیوں نے فن لینڈ اور سویڈن کے داخلے کی یا توثیق کر دی ہے یا توثیق کا اپنا عندیہ دیا ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ واشنگٹن کے انقرہ کے ساتھ دوسرےمسائل بھی ہیں، جن میں ترکیہ کی طرف سے جدید امریکی لڑاکا طیاروں کی خریداری کی مستقل خواہش بھی شامل ہے، جس کی متعدد ممتاز قانون ساز انسانی حقوق کی بنیاد پر مخالفت کر رہے ہیں۔

بلنکن اپنا دورہ ایتھنز میں سمیٹیں گے، جہاں وہ یونان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مشرقی بحیرہ روم میں توانائی کی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG