رسائی کے لنکس

راولپنڈی میں امام بارگاہ کے قریب دھماکا، 7 افراد ہلاک


ایک نامعلوم شخص نے امام بارگاہ کے اندر داخل ہونے کی ناکام کوشش کی۔ مگر، دروازے پر ہی دھماکا ہوگیا۔ ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جبکہ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی زخمیوں کو اسپتال پہنچایا

راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں جمعہ کی رات امام بارگاہ کے قریب دھماکے سے7افراد ہلاک اور10 سے زائد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا خود کش تھا۔

پولیس کو دھماکے کی جگہ سے حملہ آور کے جسم کے حصے ملے ہیں جبکہ پولیس باقی شواہد اکھٹا کررہی ہے۔

آر پی او اختر حیات لالیکا نے سات ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے ۔

دھماکے کے وقت محفل میلاد جاری تھی اور امام بارگاہ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔دھماکہ امام بارگاہ کے دروازے کے قریب ہوا ۔ یہ امام بارگاہ تنگ گلیوں کے درمیان واقع ہے۔


کچھ عینی شاہدین نے میڈیا کے نمائندوں کوبتایا کہ ایک نامعلوم حملہ آور نے امام بارگاہ کے اندر داخل ہونے کی ناکام کوشش کی مگر دروازے پر موجود لوگوں اور سیکورٹی عملے سے اسے روکنے کی کوشش کی کہ اسی دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔


ریسکیو اور پولیس کی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا جبکہ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔


دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ آس پاس کی کئی عمارتوں کے شیشے ٹو ٹ گئے ۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ زخمیوں کو جی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ۔


پولیس نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے جس کے مطابق حملہ آور رات نو بج کر 20منٹ پرایک موٹر سائیکل پر سوار ہوکر امام بارگاہ پہنچا تھا۔ اس نے دھماکہ خیز مواد سے بھری جیکٹ پہنی ہوئی تھی جبکہ موٹر سائیکل میں بھی دھماکا خیز مواد نصب تھا۔


شیعہ علماء کونسل نے واقعے کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG