رسائی کے لنکس

فلم 'بلیک پینتھر' کے مرکزی اداکار چیڈوِک بوس مین چل بسے


چیڈوِک بوس مین (فائل فوٹو)
چیڈوِک بوس مین (فائل فوٹو)

ہالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم 'بلیک پینتھر' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار چیڈوِک بوس مین جمعے کے روز کینسر کے باعث چل بسے۔

43 سالہ چیڈوِک میں 2016 میں بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ تاہم انہوں نے اپنی بیماری کے متعلق کبھی بھی کھل کر بات نہیں کی تھی۔

ٹوئٹر پر چیڈوِک کے اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ چیڈوِک کے لیے اعزاز کی بات تھی کہ انہوں نے فلم بلیک پینتھر میں 'کنگ ٹی چالا' کا کردار کامیابی سے نبھایا۔

پوسٹ کے مطابق بوس مین کا انتقال امریکی شہر لاس اینجلس میں اپنے گھر پر ہوا۔ جہاں ان کی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد موجود تھے۔

فلم بلیک پینتھر کو ناقدین اور شائقین نے خوب سراہا تھا۔ یہ فلم آسکر کے لیے بھی نامزد ہوئی اور اس نے دنیا بھر میں ایک ارب ڈالر کی کمائی کی۔

اس سے پہلے چیڈوِک نے فلم '42' میں بیس بال کے معروف کھلاڑی جیکی رابنسن کا کردار نبھایا تھا۔

اس کے علاوہ چیڈوِک فلم نے 'گیٹ آن اپ' میں بھی جیمز براؤن کا کردار ادا کیا تھا۔

چیڈوِک حال ہی میں ڈائریکٹر اسپائک لی کی ریلیز ہونے والی فلم 'ڈا 5 بلڈز' میں بھی کردار ادا کر چکے ہیں، جب کہ فلم بلیک پینتھر کے سیکوئل میں بھی انہیں اداکاری کے جوہر دکھانے تھے جو 2022 میں ریلیز ہو گی۔

چیڈوِک کے خاندان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ایک حقیقی فائٹر تھے۔ جنہوں نے 'کیمو تھراپی' کے سخت مرحلے کے دوران بھی اپنی فلمیں مکمل کیں۔

XS
SM
MD
LG