رسائی کے لنکس

آسکر ایوارڈز کی نامزدگیاں، ’گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل‘، اور ’برڈ مین‘کا پلڑا بھاری


سال 2015 کے آسکرز ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں شریک فلموں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا، جس میں ’برڈ مین‘ اور ’گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل‘ کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں نو شعبوں میں نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں جس میں بہترین فلم کی کیٹگری بھی شامل ہے

ہالی وڈ کے انتہائی معتبر آسکرایوارڈز میں نامزدگی پانا ہی فلم نگری سے جڑا ہر فرد اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہے، اور اگر ایوارڈ مل جائے تو سمجھیں سخت محنت کا ’میٹھا‘ پھل ہاتھ آگیا۔

سال 2015کے آسکرز ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں شریک فلموں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا، جس میں ’برڈ مین‘ اور ’گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل‘ کا پلڑا بھاری ہے۔

’برڈ مین‘ اور ’گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل‘ دونوں نو شعبوں میں نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں جس میں بہترین فلم کی کیٹگری بھی شامل ہے۔

’برڈ مین‘ ایک ایسے ایکٹر کی کہانی ہے جو بطور اداکار کوئی کامیابی حاصل نہ کرنے کے بعد براڈ وے کے ڈائریکٹر کے طور پر اپنا کیرئیر عروج پر لے جانا چاہتا ہے۔

’دی گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل‘ کامیڈی فلم ہے جس میں ایک یورپین گیٹ کیپرقتل کے الزام سے خود کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

بہترین فلم کی کیٹگری میں شامل دوسری فلموں میں برٹش بائیوگرافیکل ڈرامہ شامل ہیں۔ ’دی تھیوری آف ایوری تھنگ‘ میں سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کی زندگی کی عکاسی کی گئی ہے ،جبکہ ’دی امیٹیشن گیم‘ ایک اور سائنسدان ایلن ٹرنگ کی کہانی ہے۔

امریکی سول رائٹس سے متعلق بنی فلم ’سلمی‘، عراق جنگ پر بنی ’امریکن سنائپر‘ کامیابی کی تلاش میں سرگرداں نوجوان جیز ڈرمر کی کہانی وپ لیش اور 12 سال کے عرصے میں بننے والی نوجوان کے جذبات پر مشتمل ’بوائے ہڈ‘ بھی بہترین فلم کا آسکر ایوارڈاپنے نام کرنے کے لئے میدان میں ہیں۔

ہالی وڈ کے ماہرین کی رائے ہے کہ ’بوائے ہڈ‘ آسکرایوارڈ کی ٹرافی لے اڑے گی جو پہلے ہی گولڈن گلو ب ایوارڈز میں بہترین ڈرامے کا ایوارڈ جیت چکی ہے۔

بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے ’امریکن اسنائپر‘ کے بریڈلی کوپر، اسٹیو کیرل، فوکس کیچر کے لئے، ’دی ایمیٹیشن گیم‘ کے اداکار بینیڈکٹ کمبربیچ ، ’دی برڈ مین‘ کے مائیکل کیوٹن اور ’دی تھیوری آف ایوری تھنگ‘ کے مرکزی کردار ایڈی ایڈی ریڈمین ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

بہترین اداکاراوٴں کے درمیان بھی سخت مقابلے کی توقع ہے۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے کے لئے جو اداکارائیں میدان میں ہیں ان میں فرانسیسی زبان کی فلم ’ٹو ڈیز، ون نائٹ‘ کی اداکارہ میرن کوٹیلرڈ، ’دی تھیوری آف ایوری تھنگ‘ کی فیلیسٹی جونز، جولیانا مور فلم ’اسٹل ایلس‘ روزامنڈ پائیک ’گون گرل‘ اور ریسی ودتھر اسپون وائلڈ کے لئے شامل ہیں۔

بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کی کیٹگری میں اس بار پولینڈ، روس، ارجنٹینا، ماریشس اور اسٹونیا کی فلمیں منتخب کی گئی ہیں۔ آسکر ایوارڈز کی شاندار تقریب 22فروری کو ہالی وڈ میں ہوگی۔

XS
SM
MD
LG