رسائی کے لنکس

مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں خاتون رہنما بلقیس مختار کا اضافہ


بلقیس مختار پہلی خاتون ہیں جنہوں نے بدھ کو ’پی ایس پی‘ کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر ’پی ایس پی‘ میں شمولیت کا اعلان کیا

کراچی ... متحدہ قومی موومنٹ کے کارواں سے پاک سرزمین پارٹی کے قافلے میں شامل ہونے والے افراد میں اب ایک خاتون کا اضافہ ہوگیا ہے۔

بلقیس مختار پہلی خاتون ہیں جنہوں نے بدھ کو پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس طرح، تین مارچ سے اب تک، یعنی ایک ماہ میں، پی ایس پی کے پاس متحدہ سے علیحدہ ہوکر آنے والے اہم رہنماوٴں کی تعداد 9 ہوگئی ہے، جبکہ دیگر عہدیدار اس کے علاوہ ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم کی سابق رکن سندھ اسمبلی بلقیس مختار نے کہا کہ”مصطفیٰ کمال نے جو سوالات اٹھائے وہ میرے ذہن میں بھی اٹھ رہے تھے۔ ان کی سچائی جان کر آج میں نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔“

انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ”میں کسی سے نہیں ڈرتی اور مرنے کا بھی مجھے کوئی خوف نہیں۔“

ان سے قبل پارٹی سربراہ مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ”ایم کیو ایم کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی، جب سے ہم آئے ہیں متحدہ کارکنان کے ساتھ عزت سے بات کی جا رہی ہے۔ اگر ہماری بیک پر کوئی ہوتا تو ’نائن زیرو‘ کب کا بند ہو چکا ہوتا۔“

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ”ہمارا مقصد کسی پارٹی کو نشانہ بنانا نہیں، دنیا کے ہر حصے میں جہاں پاکستانی بستے ہیں وہاں سے ہمیں فون آرہے ہیں، جبکہ ہمارے جعلی لیٹر ہیڈ بنا کر مختلف قسم کی افواہیں بھی پھیلائی جارہی ہیں۔ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔“

بلقیس مختار سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما رضا ہارون، ڈاکٹر صغیر احمد، انیس قائم خانی، انیس ایڈووکیٹ، افتخار عالم، وسیم آفتاب، خود مصطفیٰ کمال، محمد علی بروہی بھی پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG