رسائی کے لنکس

احتجاج کے باوجود بل گیٹس فاؤنڈیشن مودی کو ایوارڈ دے گی


بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے ہمراہ۔ (فائل فوٹو)
بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے ہمراہ۔ (فائل فوٹو)

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی رفاعی تنظیم نے احتجاج کے باوجود بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو ملک میں بیت الخلاء بنانے اور صفائی کے منصوبوں کے اعتراف میں ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق پیر کو 15 افراد احتجاجی طور پر واشنگٹن میں واقع مائیکروسوفٹ کے ہیڈ آفس کے باہر پہنچے۔ ان کی ٹی شرٹس پر ’کشمیر کو آزاد کرو‘ اور ’انصاف سب کے لیے‘ کے نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے ایک لاکھ افراد کے دستخطوں پر مشتمل ایک پٹیشن وہاں موجود عملے کے حوالے کی۔ جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ چونکہ بھارتی وزیرِ اعظم کے اقدامات کے باعث کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ لہذٰا نریندر مودی کو یہ ایوارڈ نہ دیا جائے۔

مظاہرین میں شامل جاوید سکندر نامی شخص کا کہنا تھا کہ وہ مائیکرو سافٹ کے سابق ملازم ہیں اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کے صحت عامّہ سے متعلق رفاعی کاموں کے معترف بھی ہیں۔

ان کے بقول وہ مایوس ہیں کہ فاؤنڈیشن ایک ایسے شخص کو اعزاز دے رہی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کی حکومت نے پانچ اگست کو اس کے زیرِ انتظام کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کر دی تھی۔ احتجاج کے پیش نظر جمّوں و کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا اور ہر طرح کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ وادی میں انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی رابطے بھی منقطع کر دیے گئے تھے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پانچ اگست سے کرفیو جیسی پابندیاں ہیں۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پانچ اگست سے کرفیو جیسی پابندیاں ہیں۔

بھارت کی حکومت کے ان اقدامات کو پاکستان نے مسترد کر دیا تھا جب کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ نے بھی بھارتی حکومت کے ان اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

بھارت کی حکومت ان اعتراضات کو مسترد کرتی رہی ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ جمّوں و کشمیر میں پابندیاں بتدریج ہٹائی جا رہی ہیں۔

بل گیٹس فاؤنڈیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ مظاہرین کے جذبات کی قدر کرتے ہیں لیکن نریندر مودی بھارت میں 500 ملین افراد کو محفوظ سینیٹیشن کی سہولیات فراہم کرنے پر 24 ستمبر کو ایوارڈ وصول کریں گے۔

بل گیٹس فاؤنڈیشن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کا ادارہ دنیا بھر میں ان منصوبوں کی معاونت کرتا ہے جو غریبوں کی مدد کا ذریعہ بن رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن کے ایوارڈز کی تقریب 24 ستمبر کو ہو گی جس میں امریکہ کے سابق صدر براک اوباما بھی شرکت کریں گے۔

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی ایوارڈ وصول کرنے آئندہ ہفتے امریکہ جائیں گے۔ نریندر مودی امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ ہیوسٹن میں ایک ریلی میں بھی شرکت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG