رسائی کے لنکس

بلاول نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے


فائل
فائل

ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پہلی بار کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کراچی کے علاقے لیاری سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں لیاری سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 246 سے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے ہیں۔ بلاول بھٹو اسی علاقے سے انتخابات میں حصہ لیں گے جس پر اس سے قبل ان کی والدہ بے نظیر بھٹو اور نانا ذوالفقار علی بھٹو کامیاب ہوچکے ہیں۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے فوری بعد بلاول بھٹو زرداری لیاری پہنچے اور وہاں پارٹی کے حامیوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا اہم دن ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی والدہ اور نانا کا مشن پورا کریں۔ بلاول کے مطابق ان دونوں نے اپنی زندگی ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے وقف کی۔

ذرائع کے مطابق، بلاول بھٹو زرداری اپنے سیاسی کیرئیر کے پہلے انتخابات میں تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، جن میں سے کراچی کے علاوہ این اے 200 لاڑکانہ اور این اے 8 مالاکنڈ خیبرپختونخواہ شامل ہیں۔

نہ صرف بلاول بھٹو بلکہ ان کی بہن اور بے نظیر بھٹو کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی قمبر شہداد کوٹ سے الیکشن لڑیں گی؛ جبکہ آصف علی زرداری نواب شاہ سے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب، پاک سرزمین پارٹی کے چئیرمین اور سابق ناظم کراچی سید مصطفیٰ کمال نے بھی کراچی سے چار حلقوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔ ان میں سے قومی اسمبلی کے حلقہ 247 اور 253 جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ 124 اور 127 شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی قومی اسمبلی کے دیگر حلقوں کے ساتھ کراچی سے قومی اسمبلی کے ایک حلقے این اے 243 سے الیکشن لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔

11 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگا۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG