رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل بڑا اپ سیٹ؛ امریکہ کی بنگلہ دیش کو شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • امریکی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ تو بنگلہ دیش کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا سکی۔
  • امریکہ نے پانچ وکٹیں گنوا کر ہدف تین گیندیں قبل حاصل کیا۔
  • میچ میں شاندار کارکردگی پیش کرنے پر ہرمیت سنگھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
  • میچ کے دوران ایک موقع پر بنگلہ دیش کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی تھی لیکن ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کھلاڑی ہرمیت سنگھ کے لاٹھی چارج نے میچ یکطرفہ بنا دیا۔
  • ہرمیت نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

دو جون سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تمام ٹیمیں بھرپور تیاریاں کر رہی ہیں۔ لیکن ایونٹ کے آغاز سے قبل ایک بڑا اپ سیٹ ہو گیا ہے۔

ورلڈ کپ کے میزبان ملک امریکہ نے مدِ مقابل اور مضبوط سمجھی جانے والی بنگلہ دیش کی ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

امریکہ کے شہر ہوسٹن کے پریری ویو کرکٹ کمپلیکس میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیش کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا سکی۔

جواب میں امریکی ٹیم نے پانچ وکٹیں گنوا کر ہدف تین گیندیں قبل حاصل کیا اور تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

امریکی ٹیم پاکستانی اور بھارتی نژاد امریکیوں سمیت مقامی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس نے اپنے سے کئی گنا مضبوط ٹیم کو شکست دی ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم کئی سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس کی قیادت نجم الحسن شانتو کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں لٹن داس، سومیا سرکار، شکیب الحسن، محمد اللہ، مہدی حسن، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام، رشد حسین اور توحید ہریدوئی شامل ہیں۔

ایک تجربہ کار ٹیم کے خلاف امریکی ٹیم کے بالرز نے پہلے شاندار کھیل پیش کیا جس کے بعد بلے بازوں نے بنگلہ دیشی بالنگ لائن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور میچ میں کامیابی حاصل کی۔

میچ کے دوران ایک موقع ایسا بھی آیا جب امریکی ٹیم کے پانچ کھلاڑی محض 95 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے اور ان کے پاس صرف پانچ اوورز باقی تھے۔

یہ وہ موقع تھا جب بنگلہ دیش کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی تھی لیکن ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کھلاڑی ہرمیت سنگھ کے لاٹھی چارج نے میچ یک طرفہ بنا دیا۔

ہرمیت نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جب کہ کوری اینڈرسن بھی 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں شاندار کارکردگی پیش کرنے پر ہرمیت سنگھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

امریکہ کی اس فتح سے ناصرف کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا بلکہ ٹیم نے سیریز کے بقیہ دو میچز میں بھی کامیابی سمیٹ لی تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچز میں شامل ٹیموں کے لیے بھی الارمنگ ہو گا۔

امریکی ٹیم کی کامیابی کس کے لیے خطرہ

امریکی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ 'اے' میں شامل ہے۔ اس گروپ میں پاکستان، بھارت، آئرلینڈ اور کینیڈا کی ٹیمیں ہیں۔

گروپ اے میں امریکی ٹیم کو اس لیے بھی ایڈوانٹج حاصل ہے کیوں کہ اس کا مقابلہ تقریباً ایسی ٹیموں سے ہو گا جس کے کھلاڑیوں کی اعصابی کیفیت سے وہ واقف ہوں گے۔

امریکی ٹیم کی قیادت چوں کہ ایک بھارتی نژاد امریکی مونک پٹیل کر رہے ہیں اور ٹیم میں آدھے سے زیادہ یعنی چھ کھلاڑی بھارتی نژاد امریکی ہیں۔ ایسے میں امریکی ٹیم کو اپنے گروپ میں نہ صرف ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہو گا بلکہ اسے گروپ میں شامل پاکستان، بھارت اور کینیڈا کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی مائنڈ ریڈنگ میں بھی زیادہ دشواری پیش نہیں آئے گی۔

کینیڈا کی ٹیم میں بھی کئی بھارتی نژاد کینیڈین شامل ہیں۔

نہ صرف گروپ 'اے' کا بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان نو جون کو ہو گا۔ لیکن اس سے قبل چھ جون کو پاکستان اور امریکہ کی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں گی۔

عالمی مقابلے میں جانے سے قبل پاکستان ٹیم کو انگلینڈ کا چیلنج درپیش ہے جس کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بدھ کو شروع ہو رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG