رسائی کے لنکس

صدر بائیڈن کا افریقی رہنماؤں کو سماجی اور معاشی ترقی کے لیے اربوں ڈالر دینے کرنے کا وعدہ


صدر بائیڈن وائٹ ہاؤس میں افریقی رہنماؤں سے خطاب کر رہے ہیں۔ 14 دسمبر 2022
صدر بائیڈن وائٹ ہاؤس میں افریقی رہنماؤں سے خطاب کر رہے ہیں۔ 14 دسمبر 2022

صدر جو بائیڈن نے واشنگٹن میں جمع ہونے والے درجنوں افریقی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ افریقہ کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہے اور وہ اس براعظم میں صحت، بنیادی ڈھانچے،کاروبار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں انہیں آگے بڑھنے میں مدد کے لیے اربوں ڈالر کے فنڈز مہیا کرنے اور نجی سرمایہ کاری کا وعدہ کرتا ہے۔

صدر بائیڈن نے ایک بڑے کانفرنس ہال میں جمع ہونے والے افریقی رہنماؤں اور دیگرافراد کو بتایا کہ امریکہ افریقہ کی ترقی کے ہر پہلو کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔

امریکہ اور افریقی رہنماؤں کی تین روزہ کانفرنس ( یو ایس-افریقہ لیڈرز سمٹ) میں صدر بائیڈن نے اس بارے میں روشنی ڈالی کہ امریکہ کس طرح اس سلسلے میں اہم اور مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

صدر بائیڈن کا افریقی رہنماؤں سے خطاب۔
صدر بائیڈن کا افریقی رہنماؤں سے خطاب۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ اگلے تین برسوں میں55 ارب ڈالر کی پرعزم سرمایہ کاری نقطہ آغاز ہے جس کا اعلان پیر کے روز کیا گیا تھا۔

انہوں نے نجی تجارت اور سرمایہ کاری کے سلسلے میں 15 ارب ڈالر سے زیادہ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں اور ہم مل کر آگے بڑھیں گے۔

وزیر خارجہ بلنکن بزنس فورم کے ایک اجلاس میں دستخطوں کی تقریب میں شریک ہیں۔ 14 دسمبر 2022
وزیر خارجہ بلنکن بزنس فورم کے ایک اجلاس میں دستخطوں کی تقریب میں شریک ہیں۔ 14 دسمبر 2022

صدر نے کہا کہ افریقہ صحت اور توانائی کے شعبوں میں اہم پیش رفت اور جمہوریت کو فروغ دینے کے لیے امریکہ کو اپنا قابل اعتماد شراکت دار پائیں گے۔

بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلد ہی، صدر بائیڈن، نائب صدر کاملا ہیرس اور کابینہ کے کچھ سیکرٹریز تفصیلی بات چیت کے لیے انفرادی طور پر افریقہ کا دورہ کریں گے۔

صدر نے اپنی تقریر کے بعد کچھ وقت افریقی رہنماؤں کے ساتھ گزارا اور مراکش کے وزیر اعظم عزیز اخنوش کے ساتھ قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلا جانے والا سیمی فائنل بھی دیکھا۔ مراکش یہ اہم میچ ہار گیا تھالیکن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم کے طور پراس نےایک اہم تاریخ رقم کی ہے ۔

امریکی خاتون اول جل بائیڈن واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں افریقی رہنماؤں کی بیگمات کی میزبانی کر رہی ہیں۔ 14 دسمبر 2022
امریکی خاتون اول جل بائیڈن واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں افریقی رہنماؤں کی بیگمات کی میزبانی کر رہی ہیں۔ 14 دسمبر 2022

امریکہ ’سب صحارا‘ افریقہ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے چین سے بہت پیچھے رہ گیا ہے، جو دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں کے درمیان سبقت لے جانے کے سلسلے میں اہم میدان جنگ بن رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ افریقی رہنماؤں کا اس ہفتے واشنگٹن میں ہونے والا اجتماع بیجنگ کے افریقہ میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کے سلسلے میں ان کا موقف جاننے کی ایک کوشش ہے۔

(وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG