رسائی کے لنکس

بائیڈن انتخابی مہم: نیویارک فنڈ ریزر میں دو کروڑ 60 لاکھ ڈالر جمع


دو سابق ڈیموکریٹ صدور کے ساتھ صدر بائیڈن، فنڈ ریزنگ تقریب میں
دو سابق ڈیموکریٹ صدور کے ساتھ صدر بائیڈن، فنڈ ریزنگ تقریب میں

  • فنڈ ریزنگ تقریب میں سابق صدور براک اوباما اور بل کلنٹن بھی شریک ہوئے۔
  • نیویارک میں ہونے والی فنڈ ریزنگ تقریب میں دو کروڑ 60 لاکھ ڈالر جمع

صدر جو بائیڈن کی صدارتی انتخابی مہم کے مطابق جمعرات کو نیویارک میں ہونے والے فنڈ ریزر میں ریکارڈ دو کروڑ 60 لاکھ ڈالرز جمع کر لیے گئے ہیں۔ تقریب میں سابق امریکی صدور براک اوباما اور بل کلنٹن سمیت اہم شخصیات شریک تھیں۔

ریڈیو سٹی میوزک ہال میں ہونی والی تقریب میں صدر بائیڈن کی تعریف کرتے ہوئے سابق صدر براک اوباما نے کہا کہ "میں ایسا ہی صدر چاہتا ہوں جو مسائل کے حل کے لیے مشترکہ بنیاد تلاش کرنے پر زور دیتا ہو۔"

سابق صدر بل کلنٹن نے 2024 کے انتخابات میں ووٹرز کے سامنے آپشنز کے بارے میں کہا کہ "جو کام کرتا ہے اس کے ساتھ رہیں۔"

اپنی تقریر میں صدر بائیڈن نے اپنے ری پبلکن حریف اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "وہ پرانے اور بوسیدہ خیالات کے مالک ہیں۔"

دوسری طرف سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم اگلے ہفتے پام بیچ فلوریڈا میں ایک بڑے فنڈ ریزر میں 33 ملین ڈالر جمع کرنے کی توقع کر رہی ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق مقدمات کے سلسلے میں عدالتوں میں پیشی کی وجہ سے سابق صدر ٹرمپ عوامی تقریبات میں کم ہی نظر آئے ہیں۔ وہ اپنے ڈونرز کے فنڈز سے اپنے قانونی مقدمات کے خرچ کی ادائیگیاں کر رہے ہیں۔

ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران صدر بائیڈن پر مختلف امور پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

ان کی اگلی سیاسی ریلیاں منگل کو مشی گن اور وسکونسن ریاستوں میں ہوں گی۔ بعض ری پبلکن رہنماؤں کو تشویش ہے کہ ٹرمپ کی مہم کی صدر بائیڈن سے مقابلے کے لیے پوری تیاری نہیں ہے۔

ٹرمپ جمعرات کو نیو یارک کے ایک علاقے میں نیویارک سٹی کے اس پولیس افسر کے لیے لانگ آئی لینڈ میں ہونے والی تقریب میں شریک ہوئے۔ جس پولیس افسر کو کوئنز میں ٹریفک اسٹاپ کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG