رسائی کے لنکس

جاپان میں امدادی سرگرمیوں پر بائیڈن کا امریکی افواج سے اظہارِ تشکر


جاپان میں امدادی سرگرمیوں پر بائیڈن کا امریکی افواج سے اظہارِ تشکر
جاپان میں امدادی سرگرمیوں پر بائیڈن کا امریکی افواج سے اظہارِ تشکر

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے بدھ کو ٹوکیو کے نواح میں واقع امریکی فوجی مرکز کا دورہ کرکے 11 مارچ کے زلزلے اور سونامی کے بعد جاپانی عوام کو مدد اور اعانت فراہم کرنے پر وہاں تعینات فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تشکر کیا۔

واضح رہے کہ ٹوکیو کے نواح میں واقع 'یوکوٹا ایئر بیس' پہ تعینات امریکی فوجیوں نے رواں برس مارچ میں آنے والی قدرتی آفات کے بعد علاقے میں امریکہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر کی جانے والی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔ زلزلے اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والے سونامی کے باعث جاپان کے کئی شمال مشرقی ساحلی قصبے بری طرح تباہ ہوگئے تھے جبکہ 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے تھے۔

امریکہ کی جانب سے کی گئی امدادی کارروائیوں میں طیارہ بردار جہاز 'یو ایس ایس رونالڈ ریگن' اور 18 دیگر جنگی جہازوں نے بھی حصہ لیا تھا۔ امدادی آپریشن کو 'ٹومو ڈاچی' کا نام دیا گیا تھا جس کا جاپانی میں مطلب ہے "دوست"۔

امریکی پیسفک کمانڈ کے مطابق زلزلے اور سونامی کے بعد ایک ہفتے کے اندر ساتویں امریکی بحری بیڑے نے متاثرین کو 240 ٹن ہنگامی امدادی اشیاءاور تازہ پانی پہنچایا تھا۔ امریکی امدادی مشن کی ذمہ داریوں میں سونامی سے متاثر ہونے والے 'فوکوشیما' کے جوہری بجلی گھر کو ٹھنڈا رکھنے کی کوششوں کے لیے پانچ لاکھ گیلن پانی پہنچانا بھی شامل تھا۔

جاپانی وزیرِاعظم ناؤتو کان نے مارچ کی قدرتی آفات کے بعد امریکہ کی امدادی کوششوں کی بذاتِ خود تعریف کرتے ہوئے دونوں ممالک کو "سچے ٹوموڈاچی" قرار دیا تھا جو ان کے بقول انسانی حقوق کے احترام اور جمہوریت جیسی مشترکہ تہذیبی اقدارکے حامل ہیں۔

اس سے قبل منگل کو امریکی نائب صدر نے مارچ کی قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے کچھ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر جاپانی عوام کے عزم و حوصلہ کو سراہا تھا۔

جاپان نائب صدر بائیڈن کے ایشیائی ممالک کے تین ملکی دورے کا آخری پڑاؤ ہے جس کا آغاز گزشتہ ہفتے چین سے ہوا تھا۔ اپنے دورے کے دوران بائیڈن نے چینی قیادت کو یہ یقین دلانے کی کوشش کی تھی کہ امریکہ کی کریڈٹ ریٹنگ میں آنے والی حالیہ کمی کے باوجود امریکی معیشت مستحکم ہے۔

بائیڈن نے جاپان آمد سے قبل پیر کو منگولیا کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ملک کی کثیر الجماعتی جمہوریت کی جانب پیش قدمی کو سراہتے ہوئے عراق اور افغانستان میں جاری فوجی کاروائیوں میں منگولیا کی فوجی شرکت پر شکریہ ادا کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG