رسائی کے لنکس

بے نظیر قتل: آصف زرداری نے اقوامِ متحدہ کی رپورٹ موخر کرنے کی درخواست


بے نظیر بھٹو قتل کیس میں اقوام متحدہ کے تین رکنی غیر جانب دار کمیشن کی رپورٹ، جو آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان گی مون کو پیش کی جانی تھی، پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کی درخواست پر اب 15 اپریل کو پیش کی جائے گی۔

صدر زرداری کی طرف سے یہ درخواست اقوام متحدہ کو گذشتہ رات کسی وقت موصول ہوئی تھی جس پر سیکرٹری جنرل نے غور و غوض کے بعد رپورٹ کو پیش کرنے کی تاریخ دو ہفتے ملتوی کر دی۔

بعض ذرائع سے پتا چلا ہے کہ اس رپورٹ میں محترمہ بے نظیر بھٹو کو مناسب سیکیورٹی فراہم نہ کرنے اور ان کی ہلاکت کے فوراً بعد جائے وقوع کو دھو کر قیمتی شواہد ضائع کرنے پر اس وقت کی حکومت پر تنقید کی گئی ہے۔

چلی کے سفیر ہیرالڈو میونوز کی سربراہی میں اقوام متحدہ کے تین رکنی غیر جانب دار کمیشن کے پاس اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے 31 مارچ تک وقت تھا۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان مارٹن نیزرکی کے مطابق یہ رپورٹ مکمل ہو چکی ہے اور پیش کیے جانے کے لیے بالکل تیار ہے۔

ابھی تک یہ رپورٹ نہ تو سیکرٹری جنرل نے پڑھی ہے اور نہ ہی پاکستانی حکومت کو اس رپورٹ کے مندرجات کا علم ہے۔

مسٹر نیزرکی یہ بتانے سے قاصر تھے کہ بغیر پڑھے اس رپورٹ کے پیش کرنے میں التوا کی درخواست کیوں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پر پاکستانی حکومت ہی بہتر طور پر روشنی ڈال سکتی ہے۔

15 اپریل کو کمیشن یہ رپورٹ سیکرٹری جنرل بان گی مون کو پیش کرے گا۔ سیکریٹری جنرل یہ رپورٹ پاکستان کی حکومت کو پیش کریں گے۔ اگرچہ یہ کمیشن سلامتی کونسل کے تحت نہیں بنایا گیا لیکن محض معلومات کی خاطر سیکرٹری جنرل یہ رپورٹ سلامتی کونسل کو بھی پیش کریں گے۔

15 اپریل تک یہ رپورٹ غیر جانب دار کمیشن کے پاس محفوظ رہے گی۔

XS
SM
MD
LG