رسائی کے لنکس

بیجنگ میں دھند اور فضائی آلودگی سے متعلق انتباہ جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں حکام نے اسموگ سے متعلق اس سال کا تیسرا اور رواں ماہ کا دوسرا 'اورنج' یعنی زرد انتباہ جاری کیا ہے جس کے مطابق آئندہ تین روز کے لیے شہر کی فضا دھند زدہ اور آلودہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

یہ انتباہ اس اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا جس میں بیجنگ کو چین کے ان 28 شہروں میں شامل کیا گیا جنہوں نے آلودگی پر قابو پانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

بیجنگ کی ماحولیات سے متعلق بیورو نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتہ کو جاری ہونے والا زرد انتباہ دھند اور آلودگی سے متعلق دوسری بلند ترین سطح کو ظاہر کرتا ہے جو پیر سے بدھ تک جاری رہے گا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان تین دنوں کے دوران بیجنگ شہر کے وسطیٰ علاقے تیانج ہیبی کو درمیانی سطح سے شدید سطح کی فضائی آلودگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

زرد انتباہ کے اجرا کے بعد فرنیچر، سیمنٹ اور دیگر بھاری صنعتوں کے لیے اپنی پیداوار میں 30 سے 50 فیصد تک کمی کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔ اس صورت حال کی وجہ سے چین کے دارالحکومت میں متاثر ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 700 سے زائد ہے۔

چین میں ماحولیات سے متعلق قائم کی جانے والی نئی وزارت کے مطابق چین کے شمالی 28 شہروں میں بیجنگ، اکتوبر سے فروری کے دوران آلودگی میں سب سے زیادہ کمی لانے والا شہر ہے ۔ موسم سرما میں شمالی چین میں دھویں کا اخراج بڑھ جاتا ہے کیونکہ شہری علاقوں میں 'ہیٹنگ سسٹم' یعنی حرارتی نظام چلایا جاتا ہے اور یہ سلسلہ 15 مارچ تک جاری رہتا ہے۔

چین کے دارالحکومت میں رواں سال قبل ازیں جاری ہونے والا زرد انتباہ 13 سے 15 فروری کے لیے تھا جب کہ دوسرا انتباہ 12 مارچ سے 14 مارچ کے لیے تھا۔ تاہم رواں سال ابھی کوئی 'ریڈ' یعنی سرخ انتباہ جاری نہیں کیا گیا جو فضائی آلودگی کی بلند ترین سطح کو ظاہر کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG