رسائی کے لنکس

بیجنگ اولمپکس 2022 کا اختتام؛ ناروے 37 تمغوں کے ساتھ سرِ فہرست


اتوار کو بیجنگ کے 'برڈ نیسٹ اسٹیڈیم' میں سرمائی اولمپکس کی شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اتوار کو بیجنگ کے 'برڈ نیسٹ اسٹیڈیم' میں سرمائی اولمپکس کی شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

تنازعات اور عالمی وبا کرونا وائرس کے سائے تلے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس کا اختتام ہو گیا ہے۔

اتوار کو بیجنگ کے 'برڈ نیسٹ اسٹیڈیم' میں سرمائی اولمپکس کی شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی شرکت کی۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے 2026 کے سرمائی اولمپکس کے میزبان میلانو کورٹینا کو اولمپک کا جھنڈا سوپتے ہوئے اسے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ قرار دیا۔

یاد رہے کہ سن 2026 میں سرمائی اولمپکس کی میزبانی اٹلی کا شہر میلان اور کورٹینا ڈے امپیسوکرے گا۔

بیجنگ اولمپکس کی اختتامی تقریب میں 90 سیکنڈ کی آتش بازی کے ذریعے ایک پیغام بھی دیا گیا جس میں آسمان پر 'ایک دنیا ایک خاندان' لکھا ہوا دیکھا گیا۔

عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے چین کے لیے سرمائی اولمپکس کے مقابلوں کا انعقاد کسی چیلنج سے کم نہ تھا۔ یہی وجہ تھی کی سرمائی اولمپکس 2022 میں شرکا، عملے اور میڈیا کو عوام سے الگ رکھنے کے لیے 'کلوزڈ لوپ' میں یعنی علیحدہ علیحدہ رکھا گیا تھا تا کہ وہ آپس میں میل جول نہ رکھ سکیں۔

تاہم اس کے باوجود متعدد کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

سرمائی اولمپکس: کس ملک نے کتنے میڈل اپنے نام کیے؟

سرمائی اولمپکس میں ناروے مجموعی طور پر 37 میڈل حاصل کر کے سرِ فہرست رہا۔ جس نے 16 طلائی، آٹھ سلور جب کہ 13 کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔

کھیلوں کے مقابلے میں جرمنی 27 میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جس نے 12 طلائی، دس سلور اور پانچ کانسی کے میڈلز حاصل کیے۔

میزبان چین تیسرے نمبر پر رہا جس نے مجموعی طور پر 15 میڈل اپنے نام کیے جس میں نو طلائی، چار سلور اور دو کانسی کے میڈل شامل ہیں۔

اس کے علاوہ امریکہ نے آٹھ طلائی، دس سلور اور سات کانسی کے میڈل حاصل کیے جب کہ سوئیڈن نے مجموعی طور پر 18 میڈل اپنے نام کیے۔

واضح رہے کہ چار فروری سے شروع ہونے والے سرمائی اولمپکس میں 91 ممالک کے دو ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا تھا۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG