رسائی کے لنکس

شکیب الحسن ورلڈ کپ کیلئے بنگلہ دیش کے کپتان مقرر


شکیب الحسن ورلڈ کپ کیلئے بنگلہ دیش کے کپتان مقرر
شکیب الحسن ورلڈ کپ کیلئے بنگلہ دیش کے کپتان مقرر

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم کی کپتانی پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

24 سالہ شکیب کو کپتانی پر برقرار رکھنے کا اعلان بی سی بی کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کیے گئے ایک اعلامیہ میں کیا گیا۔ بورڈ کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین تمیم اقبال نائب کپتان مقرر کیے گئے ہیں۔

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی بن مرتضیٰ کے رواں سال اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں زخمی ہوجانے کے بعد بقیہ سیریز کیلئے شکیب کو کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ بنگلہ دیش نے یہ سیریز 0-4 سے جیت لی تھی۔

بنگلہ دیشی کرکٹ حکام کے مطابق گھٹنے کی انجری کا شکار مشرفی کو صحت یابی کیلئے مزید وقت درکار ہے جس کے باعث ورلڈ کپ اسکواڈ کی کپتانی کیلئے ان کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔ بنگلہ دیش نے کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کیلئے 30 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان رواں ماہ کے وسط میں کیا تھا جس میں مشرفی بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش آئندہ سال 19 فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔

XS
SM
MD
LG