برطانیہ کے علاقے ویلز میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں آج بھارت نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے فائنل میں اپنے لیے جگہ بنا لی
اس سے پہلے پاکستان، انگلینڈ کی ٹیم کو ہرا کر پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔
اتوار کے روز جنوبی ایشیا کے دو ہمسایہ ملکوں کی ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے لیے اوول کے میدان میں اتریں گی۔
روہت شرما کی ناقابل شکست سنچری نے بھارت کو فائنل میں جگہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارت کی جانب سے شرما اور شیکھر دھون نے اپنی اینگز کا آغاز کیا ۔ بھارت کے آؤٹ ہونے والے پہلے اور واحد بلے باز شیکھر تھے جنہوں نے 46 رنز بنائے۔
جب بھارت کی پہلی وکٹ گری تو اس وقت مجموعی اسکور 87 تھا۔
شیکھر کے بعد بھارتی ٹیم کے کیپٹن ویرت کوہلی بیٹنگ کے لیے آئے۔
کوہلی اور شیکھر کی پارٹنرشپ میں 178 رنز کا اضافہ ہوا۔ شیکھر نے 123 اور کوہلی نے 96 رنز بنائے اور دونوں آؤٹ نہیں ہوئے۔
جب کہ اس سے قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے بھارت کو میچ جیتنے کےلیے 265 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جمعرات کو برمنگھم میں کھیلے جانے والےمیچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کو میچ کے پہلے ہی اوور میں اپنی پہلی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جب سومیا سرکار غیر کوئی رن بنائے بھوونیشور کمار کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ ساتویں اوور میں 31 کے مجموعی اسکور پر گری جب صابر رحمان بھوونیشور ہی کی گیند پر راوندرا جدیجا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ صابر نے 19 رنز بنائے۔
تاہم اس موقع مشفق الرحیم اور تمیم اقبال نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 123 رنز بنا کر میچ بنگلہ دیش کی گرفت میں لے آئے۔
تمیم اقبال 28 ویں اوور کی آخری گیند پر کیدار یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی شکیب علی حسن تھے جن کا روندرا جدیجا کی گیند پر دھونی نے وکٹوں کے پیچھے کیچ لیا۔ شکیب نے 15 رنز بنائے۔
مشفق الرحیم 36 ویں اوور میں 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا مجموعی اسکور 184 رنز تھا۔
بنگلہ دیش کے آؤٹ ہونے والے اگلے کھلاڑی مصدق حسین تھے جو 218 کے مجموعی اسکور پر جسپرت بمراہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 15 رنز بنائے۔
بنگال ٹائیگرز کی آخری وکٹ 47 ویں اوور میں محموداللہ کی گری جو 21 رنز بنا کر بمراہ کا نشانہ بنے۔
بھار ت کی جانب سے بھوونیشور کمار، جسپرت بمراہ اور کیدار یادیو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ روندرا جدیجا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آج کے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم اتوار کو فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کرے گی۔