رسائی کے لنکس

ایشیا کپ فائنل: بنگلادیش کا بھارت کو 223 رنز کا ہدف


بنگلہ دیشی بیٹسمین روبل حسین وکٹ آؤٹ ہوتے ہوئے
بنگلہ دیشی بیٹسمین روبل حسین وکٹ آؤٹ ہوتے ہوئے

ایشیا کپ کے فائنل میں بنگلادیشی ٹیم نے اوپنرز کے شاندار آغاز کے باوجود بھارت کو جیت کے لئے 223 رنز کا ہدف دیا ہے، بنگلادیش کے 6 بیٹسمین ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔

بنگلادیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بیٹسمینوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جسے اوپنرز لٹن داس اور مہدی حسن مرزا نے شاندار آغاز دے کر درست ثابت کیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے بھارتی بولرز کا جم کا سامنا کیا اور آسانی کے ساتھ اسٹروکس کھیلے۔ بھارت کا ہر بولر اس موقع پر بے بس دکھائی دے رہا تھا. لیکن جب بنگلادیش کا اسکور 120 ہوا تو مہدی حسن، جادیو کی گیند پر رائیڈو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ بنگلادیشی شائقین اور ٹیم کے لئے ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا، صرف 8 رنز کے اضافے پر نئے بیٹسمین عمرالقیس کو چہل نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔

گروپ میچ میں سری لنکا کے خلاف 144 اور سپرفور مرحلے میں پاکستان کے خلاف 99 رنز کی اننگز کھیلنے والے مشفق الرحیم آج بڑے میچ میں ٹیم کے لئے کچھ نہ کر سکے اور صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

محمد متھن صرف 2 رنز پر جدیجا نے عمدہ فیلڈنگ کرکے رن آؤٹ کرا دیا جبکہ محمود اللہ صرف 4 رنز بنا کر پویلین سدھار گئے۔

بھارتی ٹیم نے میچ میں شاندار کم بیک کیا، 120 رنز پر بنگلادیش کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔ لیکن، اس کے بعد اسکور میں صرف 51 کے اضافے پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

دوسری جانب لٹن داس نے بھارتی بولرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے ایک روزہ میچوں میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی، وہ 121 رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں دو چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

لٹن داس کے آؤٹ ہونے کے بعد سومیا سرکار کے سوا کوئی بھی بنگلادیشی بیٹسمین بھارتی بولرز کو اعتماد کے ساتھ نہ کھیل سکا اور اپنی وکٹ گنواتا رہا، یوں شاندار آغاز کے باوجود بنگلا دیشی ٹیم حریف بھارت کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48 اعشاریہ تین اوورز میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

لٹن داس 121، سومیار سرکار 33 اور مہدی حسن مرزا کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کر سکا۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے تین، جادیو نے دو جبکہ بومرہ اور چہل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG