رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: موسلہ دھار بارشوں اور سیلاب کےباعث 91 افراد ہلاک


جنوبی بنگلہ دیش میں موسلہ دھار بارشوں کےنتیجے میں تودے گرنے اور طغیانی کے باعث کم از کم 91افراد ہلاک، جب کہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

بدھ کے روز چٹگانگ کے بندر اور کاکسز بازار اور بندربن کے ہمسایہ اضلاع میں بچاؤ کا کام جاری ہیں۔

تودے گرنے کے نتیجے میں منگل کی رات گئے سینکڑوں گھر پانی تلے دب چکے تھے، جن میں کئی جگہ سارے کے سارے خاندان، جن میں متعدد بچے بھی شامل تھے، ہلاک ہوگئے ہیں۔

متاثرہ خاندانوں کو نشیبی علاقوں سے بلند سطح زمین کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔ حادثات سے نمٹنے سے متعلق اداروں کے حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے کم از کم 50000افراد متاثر ہوئے ہیں۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ کاکسز بازار میں کم از کم 37افراد ہلاک ہوئے، جب کہ بندربن میں 33اور چٹگانگ میں 21افراد فوت ہوئے۔

ٹیلی ویژن کے فٹیج میں بتایا گیا ہے کہ امدادی کارکن مٹی کے تودوں میں پھنسے لوگوں کو نکال رہے ہیں۔

منگل کے روز سے چٹگانگ اور ملک کے دیگر علاقوں کو ملانے والی سڑکیں اور ریل کی آمد و رفت معطل کردی گئی ہے جب کہ مقامی ہوائی اڈوں پر جہازوں کے اترنے اور پرواز بھرنے کےشڈول کو روک دیا گیا ہے۔

مون سون کی سیلابی صورتِ حال کےمتاثرین میں خوراک اور پینے کے پانی کی تقسیم کا کام جاری ہے۔ اس قسم کی آفات کثیر آبادی والے ملک بنگلہ دیش کے نشیبی علاقوں کا ایک معمول سا ہے۔

XS
SM
MD
LG