بنگلہ دیش اور بھارت کی بارڈر سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک بھارتی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق، جمعرات کو دونوں ہمسایہ ملکوں کی سرحدی فوج کے درمیان گرفتار ماہی گیر کے معاملے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بنگلادیش بارڈر گارڈ (بی جی بی) کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ بھارتی اہلکار سرحد پار کر کے گرفتار ماہی گیر کو لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس لیے بنگلا دیشی سرحدی فورس کے اہلکاروں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی۔
بھارتی سرحدی فورس (بی ایس ایف) نے بھی تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کی سرحد پر ایک اہلکار کی ہلاکت ہوئی ہے۔
بی ایس ایف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل وجے بھان سنگھ بنگلادیش سے متصل سرحد پر فرائض کی انجام دہی کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
بنگلہ دیش بارڈر گارڈ کے مطابق گرفتار بھارتی ماہی گیر سرحد سے متصل دریائے پدما میں مچھلیاں پکڑ رہا تھا جہاں بنگلادیش کی حکومت نے شکار پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
بنگلہ دیش کے حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام سے ملاقات کے بعد ماہی گیر کو رہا کر دیا جائے گا اور دونوں ملکوں نے معاملے کی تحقیقات پر اتفاق کیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان 4000 کلو میٹر کی سرحد ہے اور دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز کے درمیان اکثر فائرنگ کا تبادلہ ہوتا ہے۔
بھارت کا مؤقف ہے کہ بنگلادیش سے غیر قانونی طور پر تارکین وطن کی بڑی تعداد ان کے ملک میں داخل ہوتی ہے۔
بنگلادیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد نے حال ہی میں دورۂ بھارت کے دوران سرحدی معاملات سمیت نئی دہلی کے ساتھ کئی معاہدے کیے تھے۔