رسائی کے لنکس

عید الاضحیٰ، باکس آفس پر ’بینگ بینگ‘ کی سبقت


صرف پاکستانی فلموں کی بات کریں تو اس بار دو ملکی فلمیں آمنے سامنے تھیں۔۔’نامعلوم افراد‘ اور ’آپریشن زیرو ٹو ون‘۔ گوکہ بزنس کے اعتبار سے ’بینگ بینگ‘ آگے رہی۔ لیکن، شائقین کے مطابق، پاکستانی فلم ’نامعلوم افراد‘ نے ’آپریشن زیرو ٹو ون‘ کو مات دے دی

کراچی ۔۔۔ فلم بینوں کے بقول، پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر باکس آفس پر سجنے والا فلمی میلہ پڑوسی ملک کی فلم ’بینگ بینگ‘ نے جیت لیا ہے۔ اس کے مقابلے پر2 پاکستانی فلمیں تھیں: ’آپریشن 021‘ اور ’نامعلوم افراد‘۔

فلمی مبصرین اور ٹریڈ سے جڑے لوگ اس مقابلے کو ’بینگ بینگ‘ کے ہیرو رہتک روشن اور ’آپریشن زیرو ٹو ون‘ کے ہیروشان شاہد کے درمیان ’براہ راست مقابلہ‘ قرار دے رہے تھے ۔۔۔

لیکن، وہ کہتے ہیں نہ کہ فلموں کی قسمت کا آخری فیصلہ انہیں دیکھنے والے کرتے ہیں تو فلم بینوں کے فیصلے کے مطابق’بینگ بینگ‘ عیدالاضحیٰ کے اہم ترین موقع پر بازی لے اڑی جبکہ اس کے مقابل آنے والی فلم ’آپریشن زیرو ٹو ون‘ کے ساتھ کچھ اچھا نہیں ہوا البتہ ’نامعلوم افراد‘ نے باکس آفس پر دھوم مچادی۔

ویسے اگر صرف پاکستانی باکس آفس کی بات کریں تو بتایا جاتا ہے کہ ’نامعلوم افراد‘ یہ مقابلہ جیت گئی ہے۔

’آپریشن زیرو ٹو ون ‘۔۔پہلے شو میں ہی فلم بینوں کے سخت ردعمل کا شکار
’آپریشن زیرو ٹو ون‘ عید کے ’پہلے دن ۔۔پہلے شو“ میں ہی بری طرح ناکامی کا شکا رنظر آئی ۔۔۔کم از کم کراچی کے دو سنیماہالز ”کیپری“ اور ”بمبینو“ پر تو فلم بینوں کی جانب سے سخت اور بہت ہی برا رد عمل دیکھنے میں آیا۔

بمبینو سنیما کے مالک عدیل صدیقی اور پراجیکشن روم آپریٹر مکیش کا کہنا ہے ”لوگ پہلے گھنٹے میں ہی بور ہوگئے ۔۔اور پیسے واپس کرو۔۔کے نعرے لگانے لگے ۔ کچھ لوگوں نے اس سے سخت رد عمل کا اظہار کیا اور خالی بوتلیں اسکرین پر دے ماریں۔کچھ ناظرین تو ابتدائی گھنٹے میں ہی سنیماہالز سے باہر نکل آئے۔

مزید رد عمل سے بچنے کے لئے سنیما انتظامیہ نے پہلے سے طے شدہ دو شوز میں سے ایک شو دکھانے کا پروگرام منسوخ کردیااور بمبینو پر رات آٹھ بجے کا شو دکھایا ہی نہیں گیا۔

ایسی ہی صورتحال کیپری سینما کو بھی درپیش ہوئی وہاں بھی لوگوں نے فلم پر سخت تنقید کی ، یہاں تک کہ ایک موقع پر یوں لگتا تھا کہ جیسے ہنگامہ مزید بڑھ جائے گا لیکن خوش قسمتی سے ایسا نہیں ہواالبتہ یہاں بھی فلم کا ایک شو منسوخ کردیا گیا اور اس کے بدلے رہتک روشن کی فلم ”بینگ بینگ “ اور پاکستانی فلم ”نامعلوم افراد “ دکھائی گئی۔

ان دونوں سینماہالز کا یہ فیصلہ سوشل میڈیا ویب سائٹ پر خوب ڈسکس ہورہا ہے۔

ناکامی کی وجہ۔۔۔؟
فلم ٹریڈ سے جڑے حلقوں کا کہنا ہے کہ فلم کی ناکامی کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ لوگ شان کا نام سن کر ’آپریشن زیرو ٹو ون‘ سے ’وار‘ جیسی کامیاب فلم کی امید لگائے بیٹھے تھے ۔ ۔۔لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ’آپریشن زیر ٹو ون‘ میں ’وار‘ جیسا کچھ بھی نہیں۔

عدیل صدیقی کے بقول ’ہمارا پہلا مفاد ہمارے فلم بین ہوتے ہیں ، اگر فلم بین ہی کسی فلم کو نہ دیکھنا چاہیں تو ہم وہ فلم کیسے دکھا سکتے ہیں؟‘

فلم مذکورہ دو سنیماہالز کے علاوہ کراچی کے ہی چار اور سنیماہالز ایٹریم، سنے پیکس، سنے پیکس سٹی آڈی ٹوریم اور نیو پلیکس سنیما میں بھی دکھائی جارہی ہے تاہم وہاں سے ایسا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

ٹری بیون کی ایک رپورٹ کے مطابق ’نامعلوم افراد‘ ریلیز سے اب تک 45لاکھ روپے سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے، جبکہ ’بینگ بینگ‘ نے تقریباً ایک ہفتے کے دوران تین کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔

XS
SM
MD
LG