رسائی کے لنکس

بلوچستان کے کئی علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی


بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے خودکش حملہ میں 149 افراد کی ہلاکت کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عام انتخابات 2018 کے دوران وفاقی حکومت نے بلوچستان کے 6 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر دی ہے،

اس سلسلہ میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے الیکشن کمشن کو موبائل انٹرنیٹ سروس بند کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

بلوچستان کے ضلع پشین، قلعہ عبداللہ اور مستونگ میں آج سے 31 جولائی تک موبائل انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔ جب کہ فروری2017 سے آوران، کیچ اور قلات میں بھی موبائل انٹرنیٹ سروس پہلے سے ہی بند ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے الیکشن کمشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے الیکشن کمشن کا رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم اور ووٹر ویری فکیشن سسٹم بھی متاثر ہوگا۔

موبائل انٹرنیٹ سروس کی معطلی کا نوٹیفیکشن
موبائل انٹرنیٹ سروس کی معطلی کا نوٹیفیکشن

اس اقدام کے بعد اب بلوچستان کے ان اضلاع کے ووٹر تصدیقی سروس کے ذریعے اپنا پولنگ اسٹیشن معلوم نہیں کرسکیں گے، جبکہ الیکشن کمشن نے25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے نیا نظام تشکیل دیا تھا جس کے مطابق ہر پریذائیڈنگ افسر سابق فارم14 نیا فارم45 کی تصویر کھینچ کر الیکشن کمشن اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو بھجوانے کا پابند ہے۔ لیکن انٹرنیٹ بند ہونے سے ان اضلاع میں نتائج وقت پر ملنا ممکن نہیں ہوں گے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان 6 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس وزارت داخلہ کی ہدایت پر بند کی گئی ہے۔

چند روز قبل مستونگ میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں 149افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جارہے تھے۔ اب انہی سیکیورٹی خدشات کے باعث بلوچستان کے 6 اضلاع کی موبائل انٹرنیٹ سروس بند کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG