رسائی کے لنکس

جونیئر بچن کے گھر’ جونیئر ایشوریہ‘ کا جنم، مقامی میڈیا کے لئے اسپیشل ایونٹ


جونیئر بچن کے گھر’ جونیئر ایشوریہ‘ کا جنم، مقامی میڈیا کے لئے اسپیشل ایونٹ
جونیئر بچن کے گھر’ جونیئر ایشوریہ‘ کا جنم، مقامی میڈیا کے لئے اسپیشل ایونٹ

جس کا انتظار تھا وہ شاہکار آگیا۔ جی ہاں بالی ووڈ اداکارہ ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کے یہاں ایک نئی اور معصوم بچی نے جنم لے لیا ہے۔ یہ وہی جنم ہے جس کے چرچے پہلی مرتبہ رواں سال جون میں سنائی دیئے تھے۔ پھر اس کے بعد تو گویا بہت سے حوالے اس خبر کے ساتھ جڑتے چلے گئے۔
بچی کا جنم ممبئی کے سیون ہلز اسپتال میں بدھ کی صبح تقریباً پونے دس بجے ہوا۔ جنم کی اطلاع سب سے پہلے بچی کے دادا یعنی امیتابھ بچن نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر کے ذریعے دی۔ اس کے فوری بعد ابھیشیک بچن نے بھی ٹوئٹ کیا اور یہ خوشخبری لوگوں سے شیئر کی۔
موخر بھارتی جریدے ”انڈیا ٹوڈے “ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایشوریہ کی عمر اس وقت 38سال ہے اور وہ ممبئی کے علاقے اندھیری ایسٹ میں واقع انتہائی ماڈرن اور لگژری سیون ہلز اسپتال میں داخل ہیں۔ان کا کمرہ عمارت کی پانچویں منزل پر ہے۔ یہاں تین کمرے بک ہیں۔ ایک میں ایشوریہ، دوسرے میں بچن خاندان کے افراد جبکہ تیسرے کمرے میں ایشوریہ رائے کے گھروالے مقیم ہیں۔ اس پورے فلور پر سوائے بچن اور رائے فیملی کے کسی کو جانے کی اجازت نہیں۔
ایشوریہ کو ہفتے کی شام اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور تبھی سے اسپتال میں انتہائی سخت سیکورٹی ہے۔ ایشوریہ کی نند شریما نے پچھلے سال اسی اسپتال میں بیٹے کو جنم دیا تھا۔ ایشوریہ معمول کے چیک اپس کی غرض سے اسپتال آتی جاتی رہی ہیں ۔ ہفتے کی شام کووہ اپنے شوہر اور ایک اور نند شویتا نندہ کے ہمراہ اسپتال آئی تھیں۔
امیتابھ نے گزشتہ روز بھی ٹوئٹ کیا تھا کہ نئے مہمان کی آمد میں ابھی ایک اور دن لگے گا۔اپنے پیغام میں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اس وقت پورا خاندان ان کے قریب موجود اور خوشیوں سے سرشار ہے ، ہر طرف خوب چہل پہل ہے۔
ایشوریہ اور ابھیشیک کی شادی سن 2007ء میں ہوئی تھی ۔ پیدائش میں تاخیر کے سبب بچن خاندان کو ایشوریہ کی صحت سے متعلق کچھ افواہوں کا بھی سامنا کرنا پڑاجبکہ کچھ من گھٹ فسانے بھی سننے کو ملے۔ اسی دوران یہ خبر بھی آئی کہ امیتابھ نے بچے کی پیدائش سے متعلق میڈیا پر پابندی لگانے کی درخواست بھی دائر کی ہے تاہم امیتابھ نے اسے غلط قرار دیا۔
دوسری جانب جیسے ہی ایشوریہ کے ماں بننے کی خبر آئی بھارتی ٹی وی چینلز کے ساتھ ساتھ پاکستانی چینلز پربھی اسے بریکنگ نیوز کے طور پر پیش کیا گیا جبکہ میڈیا پر دن بھر یہ خبر مسلسل گردش کرتی رہی۔ دونوں ممالک کے میڈیا کے لئے خوشی کا یہ لمحہ اسپیشل ایونٹ بنارہا۔
ایشوریہ کے ماں بننے سے متعلق متعدد خبروں کے ساتھ ساتھ کچھ دلچسپ پہلو بھی سامنے آتے رہے ۔ بیٹا ہوگا یا بیٹی اس حوالے سے بھی بہت زیادہ خبریں اور افواہیں گردش کررہی تھیں۔ بھارت سے موصولہ بعض اطلاعات میں یہاں تک کہا گیا کہ بیٹے یا بیٹی کی پیدائش پر کروڑوں روپے کا سٹہ لگا ہوا تھا اور جوں جوں وقت گزر رہا تھا سٹے کی رقم میں اضافہ ہوتا جارہا تھا۔
بچے کی جنس کے ساتھ ساتھ تاریخ پیدائش کے حوالے سے بھی بڑے پیمانے پر سٹہ کھیلے جانے کی اطلاعات تھیں ۔ زیادہ تر افراد نے ایشوریہ کے یہاں گیارہ گیارہ گیارہ یعنی گیارہ نومبر دوہزار گیارہ کو بچے کی پیدائش پر سٹہ کھیلا ۔ گیارہ نومبر کے بعد سب سے زیادہ سٹہ 14نومبر کی تاریخ پر لگا تاہم آج یہ تمام تاریخیں غلط ثابت ہوگئیں۔

XS
SM
MD
LG