رسائی کے لنکس

'ٹیم بیٹے نے نہیں پی سی بی نے بنائی ہے'؛ بابر کے والد کی سوشل میڈیا پر نوک جھونک


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اس وقت بھارت کے شہر حیدرآباد میں ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، لیکن ان کے والد اعظم صدیق کی سوشل میڈیا پر سرگرمیاں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

کبھی وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد آصف کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جواب دے رہے ہوتے ہیں تو کبھی وہ اپنے بیٹے کی کامیابیوں پر تبصرہ کر رہے ہوتے ہیں۔

لیکن ورلڈ کپ سے قبل پہلے وارم اپ میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ان کا سامنا ان مداحوں سے ہو گیا جو بطور کپتان ان کے بیٹے کے فیصلوں سے خوش نہیں تھے۔

تین اکتوبر کو گرین شرٹس کے آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ سے قبل ان کی ایک پوسٹ وائرل ہو گئی جس میں وہ متعدد صارفین سے الجھ گئے۔

بات اس وقت شروع ہوئی جب نعمان ملک نامی ایک صارف نے بابر اعظم کے والد اعظم صدیق کو مخاطب کر کے کہا کہ "آپ اپنے بیٹے کو کیوں نہیں سمجھاتے، وہ دوستی یاری کلچر کو ختم کیوں نہیں کرتا۔"

اسی کمنٹ کے نیچے ملک حمزہ 1695 نامی ایک اور صارف نے بھی کچھ ایسی ہی بات کرتے ہوئے لکھا کہ "وہ بابر کے خلاف نہیں۔ لیکن انہیں نیوزی لینڈ کی طرح وارم اپ میچ میں تیز کھیلنا چاہیے تھا۔"

دوستی کلچر کے طعنے پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم کے والد نے صارف سے سوال کیا کہ "اگر دوستی کلچر نہ ہو تو پھر گروپ بنیں گے، پارٹی بازی ہو گی۔ کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ نہیں کریں گے اور قران پر حلف لیں گے۔"

ٹیم سلیکشن پر جواب دیتے ہوئے اعظم صدیقی نے واضح کیا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے منتخب کیا ہے، بابر نے وہ ٹیم نہیں بنائی۔

اس پوسٹ کے جواب میں جب ایک اور صارف نے لکھا کہ بابر کو جارحانہ حکمتِ عملی اپنانی چاہیے، تو ان کے والد کا دلچسپ جواب سامنے آیا کہ "آپ نمبر ون کو یہ بتائیں گے!"

اعظم صدیقی کی صارفین کے ساتھ اس نوک جھونک پر کسی نے ان کی تعریف کی تو کسی کے خیال میں انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

عمران صدیق نامی صحافی نے بابر اعظم کے والد کے جواب کو شان دار کہا۔

وہیں سعد بٹ نامی صارف نے انہیں غیر ضروری لوگوں سے الجھنے سے منع کیا۔

ایک اور صارف شبیہ الحق کے خیال میں بابر اعظم کے والد کو سوشل میڈیا پر بیٹے کا دفاع نہیں کرنا چاہیے، وہ چار سال سے تینوں فارمیٹ میں کپتان ہیں اور انہیں اپنے فیصلوں کی ذمے داری لینی چاہیے۔

بین 55 نامی صارف نے بھی بابر اعظم کے والد کو توجہ حاصل کرنے والا شخص قرار دیا۔

دو سال قبل جب پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی، تب ان کے والد پہلی بار منظر عام پر آئے تھے جنہیں اسٹیڈیم میں موجود افراد نے مبارکباد دی تھی۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG