آذربائیجان نے شدت پسند گروہ ’داعش‘ میں شمولیت کے الزام میں آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری عہدیداروں کے مطابق یہ افراد شام اور عراق میں داعش میں شامل ہوئے۔
نیشنل سکیورٹی منسٹری کے ایک بیان کے مطابق آذربائیجان کے ان شہریوں نے ’’2012 سے 2015 تک شام میں داعش کے تربیتی کیمپوں میں ٹریننگ کی‘‘ اور دہشت گردوں کے گروہوں میں رہے۔
حکومت کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد نے عسکری تربیت حاصل کی اور مختلف طرح کا اسلحہ استعمال کرنے کا تجربہ حاصل کیا۔
حکام کے بقول تربیت مکمل کرنے کے بعد ان افراد نے لڑائی میں بھی حصہ لیا۔
حکومت کے مطابق سوویت فوج کے سابق اراکین نے انھیں اسلحہ چلانے اور لڑائی سے متعلق تربیت فراہم کی۔
بیرون ملک جنگوں میں حصہ لینا آذربائیجان میں ایک جرم ہے۔
’داعش‘ کو عالمی خطرہ قرار دیا جا رہا ہے جس کے خلاف امریکہ کی قیادت میں قائم اتحاد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اگرچہ ’داعش‘ نے شام اور عراق کے وسیع علاقے پر قبضہ کر کے وہاں خود ساختہ خلافت کے قیام کا اعلان کر رکھا ہے، لیکن یہ گروہ اپنے دائرہ اثر کو بڑھا بھی رہا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کے کئی ممالک کے شدت پسند ’داعش‘ میں شمولیت کے لیے شام اور عراق کا سفر کر چکے ہیں۔