رسائی کے لنکس

سیاسی حالات کے پیشِ نظر آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے میچز لاہور منتقل


پاکستان اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز نے باہمی رضامندی سے تین ون ڈے اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم منتقل کر دیے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد آنے اور جلسے جلوسوں کے پیشِ نظر اسلام آباد کی سیاسی صورتِ حال غیر یقینی سمجھی جا رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا نے متفقہ طور پر فیصلہ کرتے ہوئے سیریز میں شامل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی میزبانی لاہور کے سپرد کردی ہے۔دونوں بورڈز نے ہفتے کی صبح یہ فیصلہ کیا ۔

فیصلے کے مطابق 29 ، 31 مارچ اور دو اپریل کو پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین شیڈول تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین پانچ اپریل کو شیڈول واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ون ڈے انٹرنیشنل میچز مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچ رات 8:30 بجے شروع ہوگا۔


مہمان ٹیم کے وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کھلاڑی 24 مارچ کو لاہور پہنچیں گے، جنہیں ایک روزہ روم آئیسو لیشن کے بعد اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت ہو گی۔پاکستان کے وائٹ بال کھلاڑی 22 مارچ کو اکٹھے ہوں گے۔ انہیں 25 مارچ سے ٹریننگ کی اجازت ہو گی۔

وائٹ بال سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز میں شامل ون ڈے ٓ میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

آسٹریلیا کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ایرون فنچ (کپتان)، شان ایبٹ، ایشٹن آگار، جیسن بیرنڈورف، ایلکس کیری، ناتھن ایلس، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مارنس لبو شین، مچل مارش، بین میک ڈرموٹ، کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔

پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، آصف آفریدی، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

پاکستان کےٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف آفریدی، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 21 مارچ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو رہا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG