رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف پہلے فائنل میں آسٹریلیا فاتح


آسٹریلیا نےاتوار کو برسبن میں سہ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے فائنل میچ میں سری لنکا کو پندرہ رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں اُن کی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے۔

افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے شاندار سنچری اسکور کی۔ وہ 157 گیندوں پر دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم 49.2 اوورز میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے نوان کلسکارا نے 73 اور اپال تھرنگا نے 60 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی نے ایک مرحلے پر میچ میں سری لنکن ٹیم کا پلڑا بھاری کردیا۔

تاہم آسٹریلوی باؤلرز ڈیوڈ ہسی، بریٹ لی اور شین واٹسن نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور یوں اپنی ٹیم کو میچ جتانے میں کامیاب ہوئے۔ انھوں نے بالترتیب چار، تین اور تین وکٹیں لیں۔

تین میچوں کی فائنل سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور دوسرا میچ منگل کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG