رسائی کے لنکس

سڈنی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست، سیریز 0-3 سے آسٹریلیا کے نام


میچ اور سیریز میں بہترین کار کردگی پیش کرنے پر مارنس لبسچگنے کو 'مین آف دی میچ' اور 'مین آف دی سیریز' کے اعزاز سے نوازا گیا۔
میچ اور سیریز میں بہترین کار کردگی پیش کرنے پر مارنس لبسچگنے کو 'مین آف دی میچ' اور 'مین آف دی سیریز' کے اعزاز سے نوازا گیا۔

آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 279 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں یہ دوسرا موقع ہے کہ آسٹریلیا نے کسی ٹیم کو وائٹ واش کیا ہے۔

سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 416 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پیر کو ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 136 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک نے تین اور پیٹ کمنس نے ایک شکار کیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی کامیابی رواں سال کی پہلی کامیابی ہے۔

میچ اور سیریز میں بہترین کار کردگی پیش کرنے پر مارنس لبسچگنے کو 'مین آف دی میچ' اور 'مین آف دی سیریز' کے اعزاز سے نوازا گیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 215 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 454 اور دوسری اننگز دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 217 رنز بنانے کے بعد ڈکلیئر کر دی تھی جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 256 اور دوسری اننگز میں 136 رنز بنا سکی۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئنز شپ کے تحت ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کی مسلسل یہ دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل کینگروز نے پاکستان کو دو میچز پر مشتمل سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ

دنیا کی نو سرِ فہرست ٹیموں کے درمیان 71 ٹیسٹ میچز پر مشتمل 27 سیریز کھیلی جانی ہیں۔ ان ٹیموں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا آغاز گزشتہ برس اگست میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل سیریز سے ہوا تھا۔ اور یہ سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت کھیلی جانے والی ہر سیریز کے 120 پوائنٹس ہیں۔ مثال کے طور پر دو میچز کی ایک سیریز کا مطلب 60 پوائنٹس ہیں جب کہ تین میچز کی سیریل کھیلنے پر ہر ٹیسٹ میچ کے 40 پوائنٹس ہوں گے۔

مقابلہ برابر رہنے کی صورت میں دستیاب پوائنٹس کو دونوں ٹیموں کے درمیان تقسیم کر دیا جائے گا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل دو سرِ فہرست ٹیموں کے درمیان جون 2021 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ فائنل جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی 'آئی سی سی ورلڈ چیمپئن' قرار پائیں گے۔

XS
SM
MD
LG