رسائی کے لنکس

آسٹریلیا کو 299 پر آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار


سڈنی میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 299 رنز پر پویلین بھیج دیا ہے۔ دوسری اننگز میں پاکستان مشکالات کا شکار ہو گیا اور تیسرے دن کے اختتام تک اس کے 67 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کو میچ کے پہلے روز 313 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔

میچ کے دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی اور بارش کے سبب کئی بار متاثر ہوا تھا البتہ دن کے اختتام تک آسٹریلیا نے 47 اوورز میں دو وکٹوں پر 116 رنز بنائے تھے۔

جمعے کو آسٹریلیا نے مزید 63 اوورز تک بیٹنگ کی جس کے بعد بلے باز ایک بعد ایک آؤٹ ہوتے رہے جب کہ پاکستان کے بولرز نے پوری ٹیم کو 299 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے بڑی پارٹنرشپ چھٹی وکٹ پر مارش اور کیری کے درمیان رہی۔ انہوں نے 138 گیندوں پر 84 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے لبوشن مہمان ٹیم کے سب سے زیادہ کامیاب بلے باز رہے انہوں نے مجموعی اسکور میں 143 گیندوں پر 60 رنز جوڑے۔ مچل مارش نے 54، عثمان خواجہ نے 47 جب کہ اسمتھ اور کیری نے 38، 38 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے بیٹنگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے عامر جمال نے بالنگ میں بھی اپنا فن دکھایا اور 22 اوورز میں 69 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آغا سلمان نے دو جب کہ ساجد خان اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے بھی اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق اور صائم ایوب میدان میں اترے۔

لیکن پہلے ہی اوور میں صفر رنز پر عبد اللہ شفیق بولڈ ہو گئے جب کہ اگلے ہی اوور میں عبد اللہ شفیق کی جگہ آنے والے شان مسعود ہیزوڈ کا نشانہ بن گئے۔ یوں پاکستان کی ابتدائی دو وکٹیں ایک رنز پر گر چکی تھیں۔

بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگز کو آگے بڑھایا اور آٹھ اوور میں پاکستان کے 27 رنز بن چکے تھے۔

بعد ازاں 58 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی ایک کے بعد ایک وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔ بابر اعظم 23 رنز کا اضافہ کرکے 60 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جب کہ 67 رنز پر ایک ہی اوور ہیزلوڈ کے ایک ہی اوور میں سعود شکیل، ساجد خان اور آغا سلمان آؤٹ ہوئے۔

یوں تیسرے دن کے اختتام پر محمد رضوان 6 چھ رنز اور عامر جمال بغیر کوئی رن بنائے میدان میں موجود تھے۔ پاکستان کے 67 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں اور اسے آسٹریلیا کے خلاف 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔

آسٹریلیا کے جوش ہیزل وڈ نے 5 اوورز میں 9 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اسٹارک، لائن اور ہیڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم نے صائم ایوب کو امام الحق کی جگہ اوپنر شامل کیا۔

شاہین شاہ آفریدی بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے، ان کی جگہ آف اسپنر ساجد خان کو موقع دیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG