امریکہ کے جنوبی شہر اٹلانٹا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی بجلی لگ بھگ 11 گھنٹوں کے تعطل کے بعد مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے جس کے بعد پروازوں کی آمد و رفت شروع ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے 'ہارٹس فیلڈ – جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل' کی بجلی اتوار کی دوپہر ایک بجے اچانک منقطع ہوگئی تھی جس کے باعث ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہوگئی تھی۔
ہوائی اڈے کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے 'جارجیا پاور' کے مطابق بجلی کی ایک زیرِ زمین تنصیب میں آتش زدگی کے باعث ہوائی اڈے کو بجلی کی ترسیل منقطع ہوئی تھی۔
کمپنی نے آتشزدگی کی وجہ نہیں بتائی ہے البتہ یہ واضح کیا ہے کہ آتش زدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہوائی اڈے کی انتظامیہ کے مطابق اتوار کی شام ساڑھے سات بجے ہوائی اڈے کو بجلی کی فراہمی جزوی بحال ہوگئی تھی تاہم بجلی کی مکمل بحالی اتوار کی شب 12 بجے کے قریب ہوئی۔
اٹلانٹا کے اس ہوائی اڈے کا شمار دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے جہاں روزانہ ڈھائی ہزار پروازیں اترتی اور روانہ ہوتی ہیں۔
حکام کے مطابق اٹلانٹا کے ہوائی اڈے سے روزانہ اوسطاً ڈھائی لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔
ہوائی اڈے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو بجلی کی ترسیل منقطع ہونے کے باعث 1200 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جب کہ سیکڑوں پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ہوائی اڈے کی انتظامیہ کے مطابق اتوار کی دوپہر ایک بجے بجلی اچانک منقطع ہونے کے باعث ہوائی اڈے کی عمارت اندھیرے میں ڈوب گئی تھی جس کے بعد ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی تمام پروازوں کو روک دیا گیا تھا۔
حکام نے بتایا ہے کہ بجلی کی بحالی تک اٹلانٹا آنے والی تمام ڈومیسٹک پروازوں کو ان کی روانگی کے مقام پر ہی روک دیا گیا جب کہ بین الاقوامی پروازوں کو دیگر ہوائی اڈوں کی جانب بھیجا جاتا رہا۔
بجلی کی ترسیل منقطع ہونے کے باعث کئی ایئرلائنز کو ہوائی اڈے سے پیر کو اڑنے والی اپنی پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑی ہیں۔
اٹلانٹا کے ایئرپورٹ پر بجلی کی بندش کے یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکہ میں کرسمس سے قبل تعطیلات کے باعث ہوائی اڈوں پر مسافروں کی آمد و رفت اپنے عروج پر ہے۔