رسائی کے لنکس

عاصمہ جہانگیر حسین حقّانی کی وکالت کریں گی


عاصمہ جہانگیر حسین حقّانی کی وکالت کریں گی
عاصمہ جہانگیر حسین حقّانی کی وکالت کریں گی

معروف وکیل عاصمہ جہانگیر نے میموگیٹ سکینڈل میں ملوث امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقّانی کی وکالت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دنیا ٹی وی چینل کے پروگرام "کراس فائر" میں اپنے انٹرویو میں پاکستان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر کا کہنا تھا کہ ’’میں یہ کیس بھی لڑوں گی اور میری فیس بھی صرف چار ہزار روپے ہوگی۔‘‘

عاصمہ جہانگیر کے مطابق اس سے پہلے بھی حقّانی خاندان کے ایک رکن نے ان سے رابطہ کیا تھا مگر انہوں نے یہ کیس لینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا تھا کہ وہ اس معاملے میں پڑنا نہیں چاہتیں۔ لیکن اب انہوں نے کورٹ کا رویّہ دیکھتے ہوئے اپنا ارادہ بدلا ہے کیونکہ ان کے مطابق ایک شخص پر مقدّمہ مکمل ہونے سے پہلے ہی اس کے ساتھ ایسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے جیسے وہ مجرم ہو۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں شامل تھیں لیکن انہو ں نے وہ جدوجہد چند اشخاص کے لیے نہیں بلکہ پورے ادارے کے لیے کی تھی اور اگر عدلیہ غلط راستے پر جائے تو اس کی نشاندہی کرنا بطور وکیل ان کا فرض ہے۔

عاصمہ جہانگیر کے مطابق پاکستان میں جس طرح پہلے ہر کام کے لیے فوج کو بلایا جاتا تھا اسی طرح اب عدلیہ کے سامنے دہائی دی جاتی ہے لیکن ایسے اقدامات سے ان کے بقول ’’ادارے ختم ہوتے ہیں۔‘‘

XS
SM
MD
LG