پانچ میچز پر مشتمل ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر درست ثابت ہوتا ہوا دکھائی نہیں دیتا۔
برسبین میں موسم ابر آلود ہے اور پچ بالنگ کے لیے سازگار ہے جس کا آسٹریلوی بالرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
آسٹریلوی پیسر پیٹ کمنز نے میچ کی پہلی ہی گیند پر انگلش اوپنر روری برنس کو آؤٹ کیا جس کے بعد گیارہ کے مجموعی اسکور پر مہمان ٹیم کے مزید دو بلے باز پویلین پہنچ گئے۔
ڈیوڈ مالان چھ اور کپتان جو روٹ بغیر کوئی رنز بنائے جوش ہیزلی وڈ کا شکار بنے۔
مڈل آرڈر بلے باز بین اسٹوک بھی آسٹریلوی بالنگ کا زیادہ دیر سامنا نہ کر سکے اور وہ 21 گیندوں پر پانچ رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کھانے کے وقفے تک انگلینڈ کے چار کھلاڑی 59 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ لنچ بریک کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کینگروز بالرز کے سامنے مزاحمت کرنے والے حسیب حمید بھی 25 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار گئے۔
انگلینڈ کی طرف سے نمایاں بلے بازوں میں وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر رہے جنہوں نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ اولی پاپ 35 اور کرس ووکس 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلوی بالر پیٹ کمنز نے 13 اوورز میں 38 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مچل اسٹارک اور جوش ہیزلی وڈ نے دو دو اور کیمرون گرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی اننگز کا اختتام ہوا تو آسمان پر چھائے گہرے بادل برس پڑے اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔