رسائی کے لنکس

ارمینہ خان ’بہترین ایکٹریس ایوارڈ‘ کے لئے نامزد


ارمینہ خان کا کہنا ہے کہ ’ایوارڈز سے فن کاروں کی پرفارمنس میں نکھار پیدا ہوتا ہے ۔فلم میں کام کرنا میرا جنون ہے۔ جانان سال دو ہزار سولہ کی بہترین فلموں میں سے ایک تھی۔‘‘

پاکستانی نژاد برطانوی اداکارہ ارمینہ خان کو پاکستانی فلم ’ جانان ‘ میں شاندار اداکاری کے لئے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ ایوارڈکے سلسلے میں ہونے والی تقریب اتوار کو لندن میں ہو گی۔ ایوارڈ’ایسٹرن آئی آرٹس، کلچرل اینڈ تھیٹر لندن کی جانب سے دیا جائے گا۔

اس حوالے سے فون پر گفتگو میں ارمینہ خان نے کہا کہ ’ایوارڈز سے فن کاروں کی پرفارمنس میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ فلم میں کام کرنا میرا جنون ہے۔ جانان سال دو ہزار سولہ کی بہترین فلموں میں سے ایک تھی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ’’بہترین اداکارہ کے لئے میرے ساتھ ساتھ صنم سعید اور اندرا ورما کی بھی نامزدگی ہوئی تھی ۔فلم میں میرے مقابل بلال اشرف نے ہیرو کا کردار اداکیا تھا۔‘‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’میری دو فلمیں ’ بن روئے‘ اور ’جانان‘ کامیاب رہیں جبکہ اسی سال میں ایک اور نئی فلم ’یلغار‘ بھی ریلیز ہونے جا رہی ہے جبکہ ان دنوں میں ایک برطانوی فلم ’ دی رئیل ٹارگٹ ‘ میں بھی کام کر رہی ہوں۔ میری کوشش ہے کہ میرے فینز مایوس نہ ہوں ۔‘‘

ارمینہ ٹی وی ڈراموں کے حوالے سے بھی خاصی شہرت رکھتی ہیں۔ ’شب آرزو‘،’محبت اب نہیں ہو گی‘، ’رسم دنیا‘ اور ’عشق پرست‘ ان کے کامیاب ڈرامے ہیں۔‘

ایک سوال کے جواب میں ارمینہ خان کا کہنا تھا کہ وہ وطن پرست ہیں اسی لئے انہیں نے آنے والی فلم ’ یلغار‘ میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیا۔ مجھے امید ہے کہ ’یلغار‘ پاکستان کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہو گی اور نئے ریکارڈ بنائے گی۔

XS
SM
MD
LG