رسائی کے لنکس

یمن کی افواج ریاستی اداروں کا تحفظ کریں: منصور ہادی


عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ قاہرہ خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے عرب اتحاد کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔

یمن کے صدر منصور ہادی نے ملک کی فوج پر زور دیا ہے کہ وہ ریاستی اداروں کا تحفظ کریں اور ملک کی "جائز قیادت" کے احکامات بجا لائیں۔

یہ بات انھوں نے ہفتہ کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں عرب لیگ کے دو روزہ اجلاس کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ "ریاستی اداروں کی سلامتی، تحفظ اور استحکام ۔۔۔اور ملک کی جائز قیادت کے احکامات پر عمل کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔"

گزشتہ سال ستمبر میں شیعہ حوثی باغیوں نے یمن میں حکومت کے خلاف پرتشدد کارروائیاں شروع کرتے ہوئے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا اور پھر دیگر علاقوں پر تسلط قائم کرنے کے لیے پیش قدمی کرنا شروع کر دی۔

رواں ہفتے ہی سعودی عرب نے اپنے خلیجی اتحادیوں کے ساتھ مل کر یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں شروع کی تھیں جس کے بعد خطے کی صورتحال خاصی سنگین رخ اختیار کر چکی ہے۔

عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ قاہرہ خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے عرب اتحاد کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔

انھوں نے حوثی باغیوں کے خلاف سعودیہ کی زیر قیادت اتحاد میں قاہرہ کی شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد "یمن کے اتحاد اور علاقائی امن کا تحفظ ہے۔"

ایران نے حوثی باغیوں کے خلاف سعودی اتحاد کی یمن میں کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انھیں روکنے کا کہا ہے۔

یمن اور دیگر ملکوں کا الزام ہے کہ تہران کے حوثی باغیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے جس کی ایران تردید کرتا ہے۔

امریکہ نے بھی سعودی عرب کو فوجی کارروائیوں میں اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

XS
SM
MD
LG