رسائی کے لنکس

ہرات کے دار الحکومت کو ایک اور زلزلے کے جھٹکوں نے ہلا دیا


 افغانستان کے صوبے ہرات کے گاؤں چھاہک میں تازہ ترین زلزلے سے تباہ شدہ ایک گھر کی دیوار پر ایک خاندان کی تصویر دکھائی دے رہی ہے ، فوٹو رائٹرز، 11 اکتوبر 2023
افغانستان کے صوبے ہرات کے گاؤں چھاہک میں تازہ ترین زلزلے سے تباہ شدہ ایک گھر کی دیوار پر ایک خاندان کی تصویر دکھائی دے رہی ہے ، فوٹو رائٹرز، 11 اکتوبر 2023

مغربی افغانستان میں اسی علاقے کو ایک اور زبردست زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا ہے جہاں امدادی اور ریسکیو ٹیمیں پہلے ہی ہفتے کے روز کےہلاکت خیز زلزلے کے بعد کام کر رہی تھیں۔

ڈیزاسٹر مینیجمینٹ کے ترجمان جانان صعیق نے رائٹرز کو بتایا کہ اب تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی تفصیلات نہیں ملی ہیں لیکن صوبائی حکام نے کہا ہے کہ سینکڑوں گھر تباہ ہو گئے ہیں ۔

ہرات کے گورنر کے دفتر نے کہا ہے کہ کچھ علاقوں میں بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں لیکن اس نے مزید تفصیلات نہیں فراہم کیں۔

گورنر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موبائل میڈیکل ٹیمیں اور حکام مل کر کام کرر ہے ہیں اور انہوں نے متعدد زخمیوں کو سپتال منتقل کر دیاہے ۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اب تک زلزلے سے زیادہ تر خواتین اور بچے متاثر ہوئے ہیں۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق 6اعشاریہ 3 کی شدت کا یہ زلزلہ بدھ کی صبح صوبے ہرات کے دار الحکومت ہرات سے باہر لگ بھگ 28 کلومیٹرز یا 17 میل کے فاصلے پر آیا ۔ اس کا مرکز شہر کا شمال مغربی حصہ تھا اور اس کے بعد زلزلے کے کئی زبردست جھٹکےآئے۔

چھاہک گاؤں میں ایک افغان عورت حالیہ زلزلے کے بعد کسی پناہ گاہ کی طرف جارہی ہے ، فوٹو رائٹرز 11 اکتوبر 2023
چھاہک گاؤں میں ایک افغان عورت حالیہ زلزلے کے بعد کسی پناہ گاہ کی طرف جارہی ہے ، فوٹو رائٹرز 11 اکتوبر 2023

امدادی گروپ ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے کہا ہے ہرات کے علاقائی اسپتال میں 117 زخمیوں کو لایا گیا ۔ کابل میں وزارت کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس تازہ زلزلے سے علاقے میں مٹی کے ایک تودے کے گرنے سے ایک ہائی وے بند ہو گئی ہے۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق چھاہک گاؤں میں تمام کے تمام 700 گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے جہاں گزشتہ دنوں زلزلے کے کوئی جھٹکے نہیں آئے تھے ۔ تاہم وہاں کسی کی ہلاکت کی کوئی خبر ابھی تک نہیں ملی ہے کیوں کہ لوگوں نے ہرات کے زلزلے کے مسلسل جھٹکوں کی وجہ سے اپنی زندگی کو لاحق خطرے کے پیش نظر اس ہفتے خیموں میں پناہ لی ہوئئ تھی۔

چھاہک گاؤں کے ڈسٹرکٹ اینجل میں تازہ ترین زلزلےکے متاثرین کی صورتحال، فوٹو رائٹرز 11 اکتوبر 2023
چھاہک گاؤں کے ڈسٹرکٹ اینجل میں تازہ ترین زلزلےکے متاثرین کی صورتحال، فوٹو رائٹرز 11 اکتوبر 2023

ادھر ہرات کے ان علاقوں میں ملبے سے لاشوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے جہاں ہفتے کے روز کے زلزلے سے 2000 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے تھے ۔

وائس آف امریکہ کے اکمل داوی کی رپورٹ کے مطابق افغان ہلال احمر سوسائٹی کے صدر مطیع الحق خالص نے منگل کو صوبہ ہرات میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ ہلاک شدگان اب بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئےہیں۔

زلزلے کے مرکز میں واقع ایک گاؤں میں بتایا جاتا ہے کہ 300 لاشیں دبی ہوئی ہیں۔افغان ہلال احمر سوسائٹی کے صدر مطیع الحق خالص نے کہا۔ "کچھ مر گئے ہیں، کچھ زخمی ہیں، اور کچھ لاپتہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں....کوئی بھی محفوظ نہیں ہے،"

ملک کی وزارت صحت نے اب تک 2445 اموات کی اطلاع دی ہے، لیکن اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (OCHA) نے مرنے والوں کی تعداد تیرہ سو اور 500 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔

افغانستان کے صوبے ہرات میں امدادی کارکن اور دیہاتیوں نےاس امید پر کہ اب بھی کچھ لوگ زندہ بچ سکتے ہیں ملبو ں کی کھدائی جاری رکھی ہے۔

زندہ جان کے کشکاک گاؤں میں لوگ ملبوں سے نعشوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، فوٹو اے ایف پی ،، 8 اکتوبر 2023
زندہ جان کے کشکاک گاؤں میں لوگ ملبوں سے نعشوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، فوٹو اے ایف پی ،، 8 اکتوبر 2023

ہرات میں ایک اور مقا م پر لوگ ہفتے کو زلزلے میں ہلاک ہونے والے اپنے عزیزوں کے لیے قبریں کھو د رہے تھے ۔ زندہ جان میں ایک چٹیل میدا ن میں قبروں کی ایک لمبی قطار کے لیے زمین صاف کرنے کے لیے ایک بلڈوزر سے منوں مٹی ہٹائی گئی۔

طالبان نے کہا ہے کہ20 دیہاتوں میں لگ بھگ دو ہزار مکان تباہ ہو گئے ہیں ۔ یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ ہفتے سے اب تک کتنی غیر ملکی امداد ہرات پہنچ چکی ہے ۔

پاکستان نے کمبل ، خیمے اور ادویات بھیجنے کا وعدہ کیا ہے اور چین کے بارے میں خبر ہے کہ اس نے نقدی اور انسانی ہمدردی کی دوسری امداد کی پیش کش کی ہے ۔

کابل نے اس بارے میں سوالات کے جواب نہیں دیے کہ بیرون ملک سے کتنی امداد پہنچ چکی ہے۔

صوبے ہرات میں ہفتے کے زلزلے کے متاثرین کی تلاش کا ایک منظر فوٹو اے ایف پی ،8 اکتوبر2023
صوبے ہرات میں ہفتے کے زلزلے کے متاثرین کی تلاش کا ایک منظر فوٹو اے ایف پی ،8 اکتوبر2023

رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی سے متعلق دفتر نے زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے 5 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ۔ طالبان نے دنیا بھر کے ملکوں اور بین الاقوامی امدادی اداروں سے زلزلہ زدگان کی بحالی میں مدد کی اپیل کی ہے ۔

پڑوسی ملکوں پاکستان ، ایران اور چین کی ریڈ کراس سوسائٹیز نے فوری طور پر زلزلہ زدگان کے لیے مالی اور دیگر امداد دی ہے۔ طالبان نے پیر کے روز کہا کہ سعودی چیریٹی نے افغان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ذریعے دو ملین ڈالر مالیت کی خوراک اور دوسری اشیا فراہم کی ہیں ۔

پیر کے روز ایمنیسٹی انٹر نیشنل نے طالبان حکام پر زور دیا کہ وہ انسانی ہمدری کے اداروں کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں تک محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی کی ضمانت دیں۔

( اس رپورٹ کے لیے مواد رائٹرز,اے ایف پی اور اے پی سے لیاگیا ہے)

فورم

XS
SM
MD
LG