رسائی کے لنکس

پی ایس ایل کی ٹیموں اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر ایک نظر


پاکستان سپر لیگ میں اب تک مجموعی طور پر سات میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے تین، تین جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز نے دو، دو میچز کھیلے ہیں۔

کارکردگی کے اعتبار سے بیٹسمینوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر اکمل اور بالرز میں لاہور قلندرز کے راحت علی سرِ فہرست ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے دونوں میچ جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرِ فہرست ہے۔

کوئٹہ نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو سات رنز سے شکست دی جب کہ دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بآسانی سات وکٹوں سے جیتا۔

پشاور زلمی کو پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست ہوئی لیکن دوسرے میچ میں اُس نے لاہور قلندر کو 7 وکٹوں کے ساتھ آسانی سے زیر کیا اور دو پوائنٹس حاصل کیے۔

ملتان سلطانز کی پرفارمنس بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ پہلے ہائی اسکورنگ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز نے اسے شکست کا داغ دیا جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف دوسرا میچ اس نے آسانی کے ساتھ پانچ وکٹوں سے اپنے نام کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی جو ایونٹ میں اب تک اس کی واحد جیت ہے۔ اس کے بعد مسلسل دو مرتبہ شکست اس کا مقدر بنی۔ ملتان سلطانز نے 5 وکٹوں سے ہرایا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سات وکٹوں سے شکست دی۔

کراچی کنگز نے بھی دو میچوں میں سے ایک جیتا اور ایک ہارا۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات رنز سے ہرایا جب کہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں 22 رنز سے شکست ہوئی۔

قسمت اس بار بھی لاہور قلندرز سے ’خفا‘

قسمت اس مرتبہ بھی لاہور قلندرز کا ساتھ نہیں دے رہی۔ پہلے ہی میچ میں اُسے اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 وکٹوں سے ہرایا لیکن دوسرا میچ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف 22 رنز سے جیتا۔ تیسرے میچ میں ایک بار پھر اُسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور پشاور زلمی نے اُسے سات وکٹوں سے زیر کیا۔

سب سے زیادہ اور سب سے کم اسکور کس ٹیم نے بنایا؟

رواں سیزن میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں کسی بھی ٹیم کا زیادہ سے زیادہ اسکور کراچی کنگز کا ملتان سلطانز کے خلاف 183 جب کہ کم سے کم اسکور 78رنز ہے جو لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف بنایا۔

ٹاپ اسکورر کون؟

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر اکمل مجموعی طور پر 119 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں۔ اُن کا اسٹرائیک ریٹ 152 اور کسی بھی اننگز میں سب سے زیادہ اسکور 75 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

دوسرے نمبر پر کراچی کنگز کے بابر اعظم ہیں۔ وہ 108 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اب تک 105 رنز بناچکے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 77 رنز ہے۔

سب سے زیادہ چھکے

ایونٹ میں کراچی کنگز کے لیونگ اسٹون اور اسلام آباد کے لیونک رونکی نے اب تک سب سے زیادہ 6، 6 چھکے لگائے ہیں۔

سب سے بڑی پارٹنر شپ

سب سے بڑی شراکت کراچی کنگز کے اوپنرز بابر اعظم اور لیونگ اسٹون کے درمیان قائم ہوئی۔ دونوں بیٹسمینوں نے ملتان سلطانز کے خلاف 157 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تھا۔

کون سا بالر سب سے زیادہ کامیاب؟

بالرز میں لاہور قلندرز کے راحت علی سب سے آگے ہیں۔ وہ 5 اعشاریہ 8 کے اکانومی ریٹ سے مجموعی طور پر 8 کھلاڑیوں کا شکار کرچکے ہیں۔ ان کی بہترین بالنگ 29 رنز کے عوض 4 وکٹیں ہے۔

پشاور زلمی کے وہاب ریاض، حسن علی، کراچی کنگز کے محمد عامر اور لاہور قلندرز کے حارث رؤف کی 5،5 وکٹیں ہیں۔

کسی بھی بالر کی ایک اننگز میں سب سے اچھی کارکردگی پشاور زلمی کے حسن علی کی ہے جنہوں نے صرف 15 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

'مہنگے ترین' بالر

کراچی کنگز کے سہیل خان مہنگے ترین بالر رہے۔ انہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف میچ کے دوران چار اوورز میں 57 رن دے کر 2 وکٹیں لیں۔

XS
SM
MD
LG