پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر اپنی والدہ کی علالت کے باعث متحدہ عرب امارات سے وطن واپس جا رہے ہیں اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
پاکستان ان دنوں ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کرکٹ سیریز کھیل رہا ہے جس میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز تین، صفر سے اپنے نام کرنے کے علاوہ دو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی بھرپور طریقے سے کامیابی حاصل کر چکا ہے۔
کرکٹ بورڈ کی طرف سے منگل کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ "عامر اپنی والدہ کی شدید علالت کے باعث پاکستان واپس جا رہے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ نے انھیں پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔"
ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے اب تک کے دو ایک روزہ میچوں میں محمد عامر ایک، ایک وکٹ ہی حاصل کر سکے تھے۔
سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے بدھ کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
محمد عامر اسپاٹ فکسنگ کی پاداش میں پانچ سال کی پابندی کا سامنا کر چکے ہیں اور گزشتہ سال ہی انھیں پاکستان کی ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔
ٹیم میں واپسی کے بعد سے محمد عامر پہلے جیسی کارکردگی کو نہیں دکھا پائے لیکن کرکٹ کے مبصرین کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ جلد ہی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی فارم بحال کر لیں گے۔