رسائی کے لنکس

عامر لیاقت کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان


عامر لیاقت حسین۔ فائل فوٹو
عامر لیاقت حسین۔ فائل فوٹو

پاکستان میں مختلف ٹی وی پروگرامز کی میزبانی کے حوالے سے شہرت رکھنے والے اورمتحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما عامر لیاقت حسین پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں ۔

اس بات کا اعلان کراچی میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے عامرلیاقت کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

عامر لیاقت کے علاوہ ٹی وی ڈراموں کے نامور سینئر اداکار عابد علی نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف میں عامر لیاقت حسین کو خوش آمدید کہتے ہیں۔الیکشن میں چھ مہینے رہ گئے ہیں۔ کراچی کے لوگوں سے اپیل ہے کہ میرے لیے نہیں، اپنے بچوں کے مستقبل کے لئے آگے آئیں۔ کراچی روشنیوں کا شہر تھا اور اب کہاں پہنچ گیاہے۔ دیہی اور شہری سیاست کے اشتراک نے کراچی کو کچھ نہیں دیا۔ وقت آگیا ہے کہ اسے تبدیل کیا جائے۔

عامرلیاقت نے اپنے خطاب میں کہا کہ میری پہلی جماعت ایم کیو ایم تھی اور اب آخری جماعت پی ٹی آئی ہوگی۔ اب زندگی اور موت پی ٹی آئی کے ساتھ ہے ۔ اب کہیں اور نہیں جانا۔

انہوں نے ایم کیوایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کلین سوئپ کرے گی ۔کل بھی دو چھوٹے چھوٹے جلسے ہوئے تھے ، وہ محدود ہورہے ہیں اور آئندہ گھروں تک محدود ہوجائیں گے ۔

عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی خبریں دو روز پہلے ہی سامنے آگئی تھیں جب پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نےایک بیان میں کہا تھا کہ عامر لیاقت حسین پیر کو پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

عامر لیاقت حسین کودوسال قبل 22 اگست 2016 کو متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد حراست میں لے لیا گیا تھا جس کے اگلے روز انہوں نے سیاست چھوڑنے کا اعلان بھی ایک ٹی وی پروگرام میں کیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے بعد سے ان کا ایم کیو ایم سمیت کسی بھی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، اب وہ سیاست چھوڑ رہے ہیں۔

سیاسی حلقوں میں عامرلیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت کو آنے والے انتخابات کے لئے پیش قدمی قرار دیا جارہا ہے ۔ عامر لیاقت سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں وزیر بھی رہ چکے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG