رسائی کے لنکس

وینزویلا میں قید امریکی شہری وطن واپس پہنچ گیا


جوشوا ہولٹ امریکہ پہنچنے پر صدر ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں
جوشوا ہولٹ امریکہ پہنچنے پر صدر ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں

وینزویلا میں 2016ء کے وسط سے قید میں رہنے والے ایک امریکی شہری ہفتہ کو وطن واپس پہنچ گئے۔

جوشوا ہولٹ اور ان کی وینزویلا نژاد اہلیہ تھیمی کنڈیلو رہائی میں مدد دینے والے امریکی سینیٹر باب کروکر کے ہمراہ امریکہ واپس آئے۔

ہولٹ اور ان کی اہلیہ کو اسلحہ رکھنے کے الزام میں وینزویلا میں دو سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

کروکر نے جمعہ کو وینزویلا کے صدر نکولس مدورو سے ملاقات کر کے ان افراد کی رہائی پر بات چیت کی تھی۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے ٹوئٹر پر کہا کہ "بہت خوشی ہے کہ جوش ہولٹ اپنے خاندان میں واپس آ ملے ہیں وہاں واپس آئے جہاں سے ان کا تعلق ہے۔۔۔وینزویلا پر جمہوریت کی بحالی تک پابندیاں عائد رہیں گی۔"

ہولٹ کی آبائی ریاست اوٹاہ سے سینیٹر اورن ہیچ نے ٹوئٹر پر بتایا کہ انھوں نے ہولٹ اور ان کی اہلیہ تھیمی کی رہائی میں مدد کی تھی۔

"گزشتہ دو سالوں سے میں دو صدور کی انتظامیہ اور لاتعداد سفارتی رابطوں، وینزویلا میں رابطہ کاروں اور صدر مدورو کے ساتھ اس بارے میں بات کرتا رہا، اور مجھے اس سے زیادہ کیا فخر حاصل ہو گا کہ جوش اپنے خاندان میں واپس آ گئے ہیں۔"

ہولٹ کے اہل خانہ اس رہائی پر خاصے خوش دکھائی دیے
ہولٹ کے اہل خانہ اس رہائی پر خاصے خوش دکھائی دیے

ہیچ نے امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ باب کروکر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے وینزویلا جا کر وہاں صدر سے ملاقات کی اور امریکی شہری کی رہائی کے لیے کوشش کی۔

بتایا جاتا ہے کہ ہولٹ بغیر کسی عدالتی کارروائی کے اسلحہ رکھنے کے الزامات کے تحت دو سالوں میں جیل میں تھے۔

26 سالہ ہولٹ جون 2016ء میں وینزویلا گئے تھے جہاں انھوں نے اس خاتون سے شادی کی جس سے ان کی آن لائن ملاقات ہوئی تھی۔ پولیس نے اس جوڑے کے گھر پر چھاپہ مار کر وہاں سے ایک بندوق اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن ہولٹ ان الزامات کو مسترد کرتے رہے۔

XS
SM
MD
LG