رسائی کے لنکس

امریکہ کی کاروباری شخصیات پاکستان میں سرمایہ کاری کریں: شاہ محمود قریشی


پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی
پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی

پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کو واشنگٹن میں امریکی چیمبر آف کامرس میں گلوبل کارپوریٹ سیٹزن شپ کانفرنس برائے 2010 کے شرکا سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے آگے بڑھیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت پہلے ہی بہت سے مسائل کا شکار تھی اور سیلاب کی تباہی نے ملک کے چیلنجز میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدا اوربحالی کےلیے امریکہ پاکستان کی مدد کرنے کے لیے سب سے پہلے آیا اور امریکی ہیلی کاپٹروں نے سیلاب میں گھرے شہریوں کی جانیں بچانے میں جس طرح مدد کی وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کو امریکی سرمایہ کاروں کی ضرورت ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ دنیا بھر میں کوئلے کے بڑے ترین ذخائر میں سے ایک پاکستان میں ہے جسے ابھی تک استعمال نہیں کیا گیا۔ کان کنی کے مواقوں کو دیکھیں، دنیا بھر میں تابنے کے وسیع ترین ذخائر میں سے ایک بلوچستان میں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے امریکی چیمبر آف کامرس میں امریکہ کی کاروباری برادری سے اپیل کی کہ ملک کی معیشت کو سیلاب کی تباہی سے جلد از جلد نکالنے کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقوں کو استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں امداد لینے نہیں آیا بلکہ میں اس انتظامیہ سے جو بات کروں گا وہ یہ ہے کہ پاکستان کو تجارت کی سہولت دی جائے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سہولت دی جائے۔ نجی سرمایہ کاروں اور اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ وہ پاکستان کو ایک نئی نظر سے دیکھیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت غیر ملکی کمپنیوں اور ملازمین کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی ، جبکہ سندھ اور پنجاب میں سیکورٹی کے مسائل نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG