رسائی کے لنکس

پاکستانی امریکی خواتین بین المذاہب ہم آہنگی میں پیش پیش


ڈاکٹر غزالہ حیات
ڈاکٹر غزالہ حیات

پاکستانی امریکی خواتین جہاں زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں آگے بڑھ رہی ہیں وہاں وہ امریکی معاشرے میں مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہیں۔

گزشتہ دنوں پروگرام ہر دم رواں ہے زندگی میں سینٹ لوئیس یونیورسٹی کے نیورولوجی ڈپارٹمنٹ کی پروفیسر آف نیورولوجی اور یونیورسٹی اسپتال کے نیورولوجی اور سائیکیٹری ڈپارٹمنٹ کے کلینیکل نیورو فزیالوجی اینڈ نیور ومسکولر سروسز ڈپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر غزالہ حیات نے شرکت کی جو انٹر فیتھ پارٹنر شپ کے بورڈ کی ایک رکن اور اسلامک فاؤنڈیشن آف گریٹر سینٹ لوئیس کی پبلک ریلشیننگ کمیٹی کی چئیر پرسن بھی ہیں اور اس حیثیت سے امریکہ میں اسلام کی درست تصویر پیش کرنے اور مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر غزالہ حیات نے اپنی گفتگو کے دوران نیورولوجی کے شعبے میں پاکستانی امریکی خواتین کے عمل دخل پر روشنی ڈالی، نیورولوجی کے شعبے سے متعلق بیماریوں ان کی علامات اور ان سے بچنے کی تدابیر پر گفتگو کی اور امریکی معاشرے میں مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی کی اہمیت اور اس سلسلے میں امریکی مسلمانوں اور پاکستانیوں کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔

ڈاکٹر غزالہ حیات
ڈاکٹر غزالہ حیات

انہوں نے کہا کہ امریکہ جیسے ملک میں جہاں مختلف ملکوں ، مذاہب اور ثقافتوں کے لوگ آباد ہیں جن کے مقامی ، معاشرتی اورقومی مسائل ایک جیسے ہوتے ہیں ، ایک دوسرے سے قریبی رابطے ان کے مشترکہ مسائل کے حل کی راہ ہموار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک پاکستانی اور ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے وہ سمجھتی ہیں کہ ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی کمیونٹی میں آباد دوسرے مذاہب اور ثقافتوں کے لوگوں کو اپنے دین اور ثقافت کے بارے میں معلومات فراہم کریں اور ان کے مذہب اور ثقافت کے بارے میں ان سے معلومات حاصل کریں تاکہ ایک دوسرے کے مذہب یا ثقافت کے بارے میں منفی اسٹیریو ٹائپس دور ہوں اور وہ سب ایک متحد اورباہمی طور پر مربوط کمیونٹی کی طرح مل جل کر امن کے ساتھ رہیں اور اپنی کمیونٹی کی ترقی کے لیے اپنے مشترکہ معاشرتی سیاسی اور قومی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے یونیورسٹی کیمپس اور یونیورسٹی اسپتال میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ اسلام اور پاکستان کے بارے میں لوگوں کے تاثر کو بہتر بنانے اور ان کی ایک درست تصویر پیش کرنے کی کوشش میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے لوگوں سے ان کی عبادت گاہوں میں اور عوامی ا جتماعات میں ملاقاتیں کرتی ہیں جہاں وہ ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں اور ایک دوسرے کے بار ے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر غزالہ حیات نے امریکہ میں مسجد کی اہمیت اور مسلمانوں کی زندگی میں اس کے عمل دخل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں مسجد مسلمانوں کے ہر قسم کے مسائل کے حل کےلیے ایک مرکزی پلیٹ فارم کا کام کرتی ہے جہاں خواتین کے لیے نماز کی ادائیگی کا بھی باقاعدہ بندو بست ہوتا ہے جب کہ وہ مساجد کے انتظامی امور میں بھی حصہ لیتی ہیں۔

ڈاکٹر غزالہ حیات نے کہا کہ امریکہ میں آباد پاکستانیوں اور مسلمانوں کو یہ نادر موقع دستیاب ہے کہ وہ اپنے کلچر کو امریکی کلچر میں متعارف کراسکتے ہیں اور وہ اس موقع کو بہترین طریقے سے استعمال کر رہی ہیں۔

جب ان سے پوچھا کہ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کی کلید کیا ہے تو ڈاکٹر غزالہ حیات نے کہا کہ اس کی کلید ہے ایک دوسرے سے میل ملاپ اور ایک دوسرے سے قریبی رابطے اور دوریوں کا خاتمہ۔

XS
SM
MD
LG