رسائی کے لنکس

القاعدہ نے بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کر دی


القاعدہ نے بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کر دی
القاعدہ نے بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

القاعدہ نےدنیا بھر کےمسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکہ سے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کا انتقام لیں۔

امریکی تجزیاتی ادارے "سائٹ انٹیلی جنس" کے مطابق عالمی دہشت گرد تنظیم نے ایک ویب سائٹ پر جاری بیان میں امریکی کمانڈوز کےہاتھوں اپنے رہنما کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکہ سے اس کاروائی کا بدلہ لینے کیلیے اٹھ کھڑے ہوں۔

اپنے بیان میں القاعدہ نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف امریکی حدود اور دنیا بھر میں اپنے حملے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے کہا ہے کہ وہ اپنے مقتول رہنما بن لادن کا ایک آڈیو پیغام بھی جلد جاری کرے گی جو اس کے بقول بن لادن نے اپنی موت سے ایک ہفتہ قبل ریکارڈ کرایا تھا۔

القاعدہ کی جانب سے نئے حملوں کی دھمکی پر ردِ عمل دیتے ہوئے امریکی حکام نے کہا ہے کہ امریکہ کسی بھی ممکنہ انتقامی کاروائی کے خطرے پہ پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ امریکی بحریہ کے کمانڈوز نے پاکستانی علاقے ایبٹ آباد میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک خفیہ کاروائی کرکے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا تھا۔

اپنے بیان میں القاعدہ نے پاکستانی عوام پر زور دیاہے کہ وہ اپنی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور "اس ہزیمت کا بدلہ لیں جو انہیں ان کی سرزمین پر اسامہ بن لادن کے قتل کی صورت میں اٹھانی پڑی ہے"۔

امریکی کارروائی میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے واقعے پر جمعہ کے روز پاکستان کے کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔

XS
SM
MD
LG