رسائی کے لنکس

میری نئی فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ بالکل منفرد ہوگی: علی ظفر


اس فلم کی کہانی سے سرحد کے دونوں طرف رہنے والے خود کو ’ریلیٹ‘ کرسکیں گے۔۔ اپنے آپ کو اس سے جوڑ سکیں گے

پاکستان اور بھارت کے درمیان میلوں دور تک پھیلی سرحدیں محبتوں کو کبھی تقسیم نہیں کر سکیں، شاید یہی وجہ ہے کہ دونوں جانب کے بے شمار ’دل‘ اکثر ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور تمام دوریوں کے باوجود آخرکار ایک ہوجاتے ہیں۔ محسن خان اور رینا رائے سے لیکر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا تک بے شمار کہانیاں ’یہاں‘ ، ’وہاں‘ بکھری پڑی ہیں۔

اب ایسی ہی ایک محبت کو پاکستانی سنگر اور ایکٹر علی ظفر اپنی نئی فلم ”ٹوٹل سیاپا“ میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن، علی ظفر کا کہنا ہے کہ اس کی ٹریٹمنٹ آپ کی جانب سے اب تک دیکھی جانے والی فلموں سے بالکل مختلف ہے۔

’وائس آف امریکہ‘ کو فلم سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے علی ظفر کا کہنا ہے ’اس فلم کی کہانی سے سرحد کے دونوں طرف رہنے والے خود کو ’ریلیٹ ‘ کرسکیں گے۔۔۔اپنے آپ کو اس سے جوڑ سکیں گے۔ یہ اپنی نوعیت کا بالکل منفرد پروجیکٹ ہے۔‘

علی ظفر کے لہجے سے صاف ظاہر تھا کہ وہ فلم سے متعلق بہت ’ایکسائٹیڈ‘ ہیں۔ اپنی گفتگو میں بھی انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا۔ بقول اُن کے، ’ایکسائٹمنٹ کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ فلم کا ساوٴنڈ ٹریک میں نے خود لکھا، خود کمپوز کیا اور خود ہی گایا ہے۔‘

ایک سوال پر علی نے بتایا: ’انوپم کھیر اور کرن کھیر کے ساتھ کام کرنا میرے لئے اعزاز ہے۔ یہ دونوں فلم میں لڑکی کے والدین کا رول ادا کر رہے ہیں۔ اسٹار کاسٹ، ہلکی پھلکی اسٹوری اور دلکش گانوں سے سجی ’ٹوٹل سیاپا‘ کی ریلیز کی تاریخیں ابھی فائنل نہیں ہو ئیں لیکن فلم جلد ہی نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔‘

پاکستان میں اس فلم کی پروموشن کی ذمے داری پبلسٹی فرم ’انسائیکلومیڈیا‘ کو سونپی گئی ہے۔ فرم کی عہدیدار، سحر اقبال نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ’ٹوٹل سیاپا‘ جس کا نام پہلے ’امن کی آشا‘ رکھا گیا تھا، علی کی پچھلی فلموں کی طرح ’رومینٹک کامیڈی‘ ہے جس میں علی پاکستانی لڑکے ’امن‘ اور یامی گوتم بھارتی لڑکی ’آشا‘کا کردار نبھا رہی ہیں۔ آشا جوں ہی امن کو اپنے والدین سے ملانے لے کر جاتی ہے، وہیں سے ہنسی، مذاق اور موج مستی سے بھری کہانی کا آغاز ہوتا ہے۔‘
XS
SM
MD
LG