رسائی کے لنکس

کیا علی ظفر 'تیار ہیں' کے مقابلے کے لیے پہلے سے تیار تھے؟


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایڈیشن فائیو کا نغمہ "تیار ہیں" ریلیز ہونے کے بعد سے خبروں میں ہے۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں بدانتظامی کے بعد اس گانے پر ایک نیا تنازع شروع ہوا اور اب اس گانے پر مزید بات ہو رہی ہے۔

لوگ اب انتظار کر رہے ہیں علی ظفر کے گانے کا جنہوں نے اپنے طور پر پی ایس ایل کے لیے ایک گانا بنا لیا ہے۔

مقامی ٹی وی کے ایک شو میں علی ظفر اور علی عظمت کے درمیان شروع ہونے والی نوک جھونک کیا اس گانے کے ریلیز ہونے کے بعد ختم ہو جائے گی؟ اس بات کا جواب تو علی ظفر کا گانا ریلیز ہونے کے بعد ہی ملے گا۔ لیکن کیا علی ظفر "تیار ہیں" کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے سے تیار تھے یا انہوں نے یہ اقدام خالص عوامی رائے کے احترام میں کیا؟ علی ظفر نے اس بات کا جواب گزشتہ روز 'جیو نیوز' کے ایک پروگرام میں شرکت کر کے دیا ہے۔

شو کے میزبان شہزاد اقبال نے علی ظفر سے سوال کیا کہ آپ نے اتنی جلدی چند ہی روز میں گانا کیسے بنا لیا؟ حالانکہ آپ خود ہی کہہ چکے تھے کہ گانا بنانا اتنا آسان نہیں اس میں وقت لگتا ہے۔

تو جواب میں علی ظفر نے کہا کہ کبھی آرٹسٹ پر جلدی آمد ہو جاتی ہے تو چند گھنٹوں میں ہی گانا تیار ہو جاتا ہے کبھی اس میں ہفتوں کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔ مجھ پر فوراً آمد ہو گئی تو پھر معجزاتی طور پر گانا جلد بن گیا۔

خیال رہے کہ علی ظفر نے علی عظمت کے ساتھ نوک جھونک کے بعد جھٹ پٹ اپنا گانا ترتیب دیا ہے اور ان کے بقول یہ انہوں نے کسی کی مخالفت میں نہیں بلکہ لوگوں اور ان کے فینز کے بھرپور اصرار پر کیا ہے۔

علی ظفر نے یہ گانا بنانے کے لیے ٹی وی اینکر وسیم بادامی کے ذریعے سوشل میڈیا پر لوگوں سے رائے بھی لی تھی جس میں زیادہ تر لوگوں نے انہیں گانا بنانے کا مشورہ دیا۔

علی ظفر کا گانا ان کے بقول صرف چند ہی روز میں تیار ہو چکا ہے۔ وہ ایک نجی ٹی وی 'سما' کے شو میں اپنے گانے کے ابتدائی بول گنگنا بھی چکے ہیں اور اس گانے کی دھن بھی ریلیز کر چکے ہیں۔

اب علی ظفر کو انتظار ہے لوگوں کی ڈانس ویڈیوز کا جنہیں استعمال کرتے ہوئے وہ اپنے نئے گانے کی ویڈیو ترتیب دیں گے اور پھر ان کا گانا ریلیز کر دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG